واشنگٹن ڈی سی (جدوجہد رپورٹ) ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ اور ولسن سنٹر واشنگٹن ڈی سی کے زیر اہتمام اس سال عاصمہ جہانگیر میموریل سیریز میں بنگلہ دیش کے معروف صحافی شاہد العالم خطاب کریں گیں۔ فوٹو جرنلسٹ، انسانی حقوق کے کارکن، مصنف اور دانشور کی حیثیت سے وہ عالمی سطح پر جانے جاتے ہیں۔
ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ کے ایگزیکٹو ڈائرکٹر ڈاکٹر قیصر عباس کے مطا بق شاہد العالم 25 جولائی کو ہونے والے اس آن لائین لیکچرمیں اپنے ملک اور جنوبی ایشیا میں آزادی اظہار اور میڈیا سنسرشپ کا جائزہ لیں گے۔ لیکچر سیریز پاکستان کی معروف سماجی کارکن عاصمہ جہانگیر کی یاد میں ان کی وفات کے بعد شروع کی گئی تھی جس میں عالمی دانشور اور سما جی کارکن جنوبی ایشیا کے مسائل پر خطاب کرتے ہیں۔
شاہد العالم کو 2018ء میں حکومت کے خلا ف ایک مظاہرے کی کوریج کے دوران گرفتار کیا گیا تھا اور عالمی اداروں کے پر زور احتجاج کے نتیجے میں تین ماہ سے زیادہ عرصے کے بعد رہا کیا گیا تھا۔ وہ ساؤتھ ایشین میڈیا انسٹی ٹیوٹ، ڈرک ایجنسی اور بنگلہ دیش فوٹوگرافک سوسائٹی سمیت صحافیوں اور فوٹو گرافروں کی تربیت کے کئی مراکز کے بانی ہیں۔
کیمسٹری میں پی ایچ ڈی کے ساتھ وہ کئی کتابوں کے مصنف بھی ہیں جن میں "My Journey as a Witness ” اور”The Tide will Turn” مشہور تصنیفات ہیں۔ ان کی تصاویر کی نمائش دنیا کے مشہور اداروں کے زیر اہتمام منعقد کی جا چکی ہیں اور وہ انسانی حقوق پر ہارورڈ، کیمرج، اسٹینفرڈ اور دیگر ینیورسٹیز میں انسانی حقوق کے موضوعات پر خطاب بھی کرچکے ہیں۔ اس آن لائین پروگرام کی تفصیلات کا اعلان جلد کیا جائے گا۔