خبریں/تبصرے

وطن دوست اتحاد قائم: مقبول بٹ شہید کا یوم شہادت مشترکہ طور پر منانے کا اعلان

ڈڈیال(حارث قدیر) پاکستانی زیر انتظام جموں کشمیر میں کام کرنے والی آزادی پسند اور ترقی پسند جماعتوں اور طلبہ تنظیموں نے مقبول بٹ شہید کا یوم شہادت مشترکہ طور پر ’وطن دوست اتحاد‘ کے بینر تلے منانے کا اعلان کر دیا ہے۔ رواں سال مقبول بٹ شہید کا یوم شہادت یوم تجدید عہد کے طور پر منایا جائے گا۔ پاکستانی زیر انتظام جموں کشمیر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور بیرون ریاست مختلف ملکوں اور شہروں میں منعقد ہونے والے اجتماعات میں 24اکتوبر1947ء کے اعلان آزادی کے مطابق آئین ساز اسمبلی کے قیام کا مطالبہ کیا جائے گا۔

میرپور کے تحصیل صدر مقام ڈڈیال میں منعقد آل پارٹیز اجلاس میں آزادی پسند اور ترقی پسند تنظیموں کے وسیع البنیاد اتحاد کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا۔اس اتحاد کے لیے آئندہ اجلاس میں طریقہ کار طے کیا جائے گا اور چارٹر آف ڈیمانڈ بھی آئندہ اجلاس میں فائنل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آئندہ اجلاس مقبول بٹ شہید کے یوم شہادت کے ایک ہفتے بعد منعقد کیا جائے گا۔

آل پارٹیز اجلاس جمعرات کے روز جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی کی میزبانی میں منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں تینوں ڈویژنوں سے مختلف جماعتوں اور تنظیموں کے درجنوں رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت مرکزی صدر نیشنل عوامی پارٹی سردار نیاز نے کی، جبکہ میزبانی کے فرائض سیکرٹری جنرل عادل خان نے سرانجام دیے۔

اجلاس سے صدر نیشنل عوامی پارٹی سردار نیاز، سابق صدر نیشنل عوامی پارٹی سردار لیاقت حیات خان، زونل صدر جے کے ایل ایف سردار انصار، زونل آرگنائزر جے کے ایل ایف سردار امان خان، رہنما پی آر ایف پروفیسر ساجد نعیم، آرگنائزر نیشنل یوتھ فیڈریشن توصیف خالق، چیئرمین جے کے ایل ایف(رؤف) سردار رؤف کشمیری، صدر سروارجیہ انقلابی پارٹی سجاد افضل، رہنما جموں کشمیر ورکرز پارٹی رضوان کرامت، رہنما پیپلز یونائیٹڈ فورم حمزہ یونس، این ایس ایف کے تین گروپوں کے صدور خلیل بابر، مجتبیٰ بانڈے، اسرار یوسف، صدر کشمیر فریڈم موومنٹ فیض اللہ جان، چیئرمین ایس ایل ایف دانش ایڈووکیٹ، سربراہ زونل ویمن ونگ جے کے ایل ایف طاہرہ توقیر، ترجمان جے کے ایل ایف سعد انصاری، زونل جنرل سیکرٹری جے کے ایل ایف راجہ عابد، یونس تریابی، رکن آرگنائزنگ کمیٹی این ایس ایف کمال خان سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔

اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ جموں کشمیر میں حق حکمرانی کے حصول اور وسائل پر عوامی اختیار کے حصول کے لیے وسیع البنیاد اتحاد تشکیل دیا جائے گا۔ آئندہ اجلاس جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے زیر اہتمام پونچھ میں منعقد کیا جائیگا،جبکہ تیسرا اجلاس مظفرآباد میں منعقد کیا جائے گا۔ آئندہ اجلاس میں چارٹر آف ڈیمانڈ پر تمام جماعتیں اور تنظیمیں اپنی تجاویز سمیت شریک ہوں گی اور چارٹر آف ڈیمانڈ کو حتمی شکل دینے سمیت اتحاد کے طریقہ کار کو بھی فائنل کیا جائے گا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts