مجتبیٰ بانڈے قوم پرست طلبہ تنظیم کے ایک گروپ (جے کے این ایس ایف ونگ)کے صدر ہیں۔ ان سمیت ان کے دیگر ساتھیوں کے خلاف پاکستان کے اداروں کے خلاف نعرے لگانے کے الزام میں ایک مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔ 18فروری کو درج ہونے والی اس ایف آئی آر میں مجتبیٰ بانڈے اور ان کے ساتھیوں پر الزام تھا کہ انہوں نے مقبول بٹ شہید کے یوم ولادت کے موقع پر ایک تقریب منعقد کی اور اس میں متنازعہ نعرے بازی کی۔ مذکورہ مقدمے میں مجتبیٰ بانڈے نے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی تھی،اور انہوں نے 25فروری کو اقوام متحدہ کے مبصر دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان بھی کر رکھا گیا۔ تاہم عبوری ضمانت کے باوجود21فروری کو انہیں گرفتار کیا گیا اور دو روز بعد رات گئے انہیں رہا کر دیا گیا تھا۔
