خبریں/تبصرے

پٹرول بم: اشیائے خوردونوش 20 فیصد مہنگی ہو جائیں گی

لاہور (جدوجہد رپورٹ) پٹرول اور ڈیزل سمیت دیگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کی وجہ سے ملک میں مہنگائی کا ایک نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ اشیائے خوردونوش، ٹرانسپورٹ اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں نئی بلندیوں پر پہنچ گئی ہیں۔ کم اور متوسط آمدنی والی معاشرے کی پرتوں پر دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔

’ڈان‘ کی رپورٹ کے مطابق آئندہ چند روز میں اس کے دہرے اثرات نظر آئیں گے، عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے سے پاکستان کیلئے درآمدی بل پورا کرنا مشکل ہو جائے گا۔ جنوری میں سب سے زیادہ 13 فیصد مہنگائی کا تناسب اب فروری کے آخر تک 20 فیصد تک پہنچ جائیگا۔

پاکستان کسان اتحاد کے خالد کھوکھر کا کہنا ہے کہ کسانوں کو خدشہ ہے کہ پیداواری لاگت میں غیر معمولی اضافے کے سبب زراعت کا شعبہ سب سے زیادہ متاثر ہو سکتا ہے، جس سے دیہی معیشت میں لیکویڈیٹی کی کمی واقع ہو سکتی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ قیمتوں میں حالیہ اضافہ خوراک اور باغبانی کی مختلف اشیا کی پیداوار کو متاثر کرے گا۔ اگر خوراک، پھلوں اور سبزیوں کی قومی پیداوار کا 5 سے 10 فیصد حصہ ضائع ہو جاتا ہے تو بین الاقوامی قرضے بھی پاکستان کی کوئی مدد نہیں کر سکیں گے۔

ہول سیل برانڈ کے ذمہ دار رانا عبید اللہ کا کہنا ہے کہ گندم کی قیمتیں گزشتہ 3 سال سے بڑھ رہی ہیں، اب مزید بڑھیں گی۔ ٹرانسپورٹیشن کی قیمتوں میں بھی دگنا اضافہ ہو گیا ہے۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ بڑے اضافے کے بعد اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہو گا۔

دودھ سے تیار مصنوعات پر 17 فیصد جنرل سیلز ٹیکس کے نفاذ کے بعد تازہ دودھ کی قیمت میں 60 روپے فی لیٹر اضافے سے پہلے ہی خبردار کیا گیا تھا۔ ڈی سی ایف اے کے صدر شاکر گجر نے اب پہلے مرحلے میں 25 فروری سے فی لیٹر دودھ کی قیمت میں 30 روپے اور 25 مارچ کو مزید 30 روپے اضافے کی وارننگ دی ہے۔ تاہم حتمی فیصلہ 19 فروری کو مشاورت کے بعد کیا جائیگا۔

گڈز ٹرانسپورٹ سروس کے افتخار احمد کا کہنا ہے کہ نقل و حمل بھی مہنگی ہو گی، جس کی وجہ سے اشیائے خوردونوش مہنگی ہوں گی۔ مسافر بسوں کے کرایوں میں 100 روپے فی مسافر تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔

کراچی ہول سیلرز گروسرز ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ انیس مجید کے مطابق ٹرانسپورٹرز نے بندرگاہ سے حیدر آباد تک 20 فٹ کنٹینرز لانے کیلئے کرایہ 1 ہزار روپے بڑھا دیا ہے، جبکہ کراچی تک کیلئے 700 سے 500 تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ سپلائی چین کا یہ طرز عمل دالوں کی قیمتوں میں اضافے کا سبب بنے گا۔ گزشتہ 3 مہینوں کے دوران اس میں پہلے ہی 20 سے 30 روپے فی کلو تک اضافہ ہو چکا ہے۔

حاجی شاہجہان کے مطابق سبزیوں کے نرخوں میں کم از کم 15 سے 20 فیصد تک اضافے کا امکان ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts