لاہور (نامہ نگار) لاہور میں جاری فیض فیسٹیول کے آخری دن (کل) روزنامہ جدوجہد کے ادارتی رکن حارث قدیر ’دور حاضر میں انقلابی صحافت‘ کے عنوان سے ہونے والے پینل میں بطور پینلسٹ شرکت کریں گے۔
حارث قدیر کا تعلق راولا کوٹ سے ہے اور وہ پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے معروف صحافیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کے زیر ادارت چلنے والے اخبار ’مجادلہ‘ کو ریاست کی جانب سے بند کر دیا گیا تھا۔ گذشتہ دو سال سے وہ روزنامہ جدوجہد سے وابستہ ہیں۔
یاد رہے، تین روزہ فیض فیسٹیول 4 مارچ (گذشتہ روز) سے لاہور کے الحمرا ہال میں شروع ہو گیاہے۔ فیض فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا یہ مجموعی طور پر چھٹا فیض فیسٹیول ہے۔
فیسٹیول کے زیر اہتمام الحمرا کے مختلف ہالز میں دن بھر شاعری، نئی تصانیف کی تقاریب، تھیٹر پروگرامات، ڈانس پروگرامات، میوزک پروگرامات، قوالی، شاعری سمیت مختلف نوع کی ادبی، سیاسی اور سماجی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
یہ فیسٹیول فیض فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے۔ فیض فاؤنڈیشن 2009ء میں قائم کی گئی تھی اور اس فاؤنڈیشن کے بنیادی مقاصد میں فیض احمد فیض کے انقلابی نظریات کو پروموٹ کرنے کے علاوہ آرٹس کے ذریعے سے سماجی انقلاب کی جدوجہد کو آگے بڑھانا شامل ہے۔