خبریں/تبصرے

روس کی پسپائی جاری، یوکرین نے 6 ہزار مربع کلومیٹر علاقہ واپس لے لیا

لاہور (جدوجہد رپورٹ) یوکرین کی فوجوں کی روس کے خلاف پیش قدمی کا سلسلہ جاری ہے، ابھی تک مجموعی طور پر 6 ہزار مربع کلومیٹر کا علاقہ واپس لے لیا گیا ہے۔ ساتھ ہی یوکرین نے امریکہ اور دیگر اتحادیوں سے مزید ہتھیاروں کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

’ڈیموکریسی ناؤ‘ کے مطابق روس نے یوکرین میں جنگ کے خاتمے کیلئے بات چیت کے امکان کو مسترد کر دیا ہے، جبکہ یوکرین نے فروری میں روس کے حملے کے بعد قبضے میں لئے گئے علاقے پر دوبارہ دعویٰ کرنے میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ پیر کو کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ روس کے تمام اہداف حاصل ہونے تک تنازع جاری رہے گا۔

دریں اثناء یوکرین نے امریکہ اور اتحادیوں سے مزید بھاری ہتھیاروں کی اپیل بھی کی ہے۔ صدر ولادیمیر زیلنسکی نے پیر کے روز پینٹاگون پر زور دیا کہ وہ ہتھیاروں کے نظام کی فراہمی کو تیز کرے۔

انکا کہنا تھا کہ ’ستمبر کے آغاز سے ہمارے جنگجوؤں نے ملک کے مشرق اور جنوب میں 6 ہزار مربع کلومیٹر سے زیادہ یوکرین کے علاقے کو آزاد کروایا ہے۔ ہماری فوجیں مسلسل پیش قدمی کر رہی ہیں۔‘

Roznama Jeddojehad
+ posts