خبریں/تبصرے

ایکواڈور: عوامی احتجاج کی جیت، حکومت نے آئی ایم ایف سے 4.2 ارب ڈالر کا معاہدہ منسوخ کر دیا

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)اتوار کی رات حکومت اور مظاہرین کے مابین مذاکرات کے بعد ایکواڈور کی حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ 4.2 ارب ڈالر قرضے کا معاہدہ منسوخ کر دیا۔

یہ مظاہرے ایکواڈور کی آبائی آبادی یعنی ’آدی واسیوں‘ نے شروع کئے تھے۔ دو ہفتے جاری رہنے والے ان مظاہروں میں کم از کم 7 افراد ہلاک ہوئے اور 2000 گرفتاریاں عمل میں آئیں۔ مظاہروں کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ حکومت کو دارالحکومت چھوڑ کر فرار ہو نا پڑا تھا۔

اتوار کو ہونے والے مذاکرات ٹیلی وژن پر براہِ راست دکھائے گئے۔ مذاکرات کی کامیابی کے بعد ایکواڈور کے دارلحکومت کویٹو میں جشن کا سماں تھا۔

لوگ اس بات پر شدید نالاں تھے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں یہ طے پایا تھا کہ حکومت آئی ایم ایف کے کہنے پر ایندھن پر ملنے والی سبسڈیاں ختم کر دے گی۔

Roznama Jeddojehad
+ posts