خبریں/تبصرے

لاہور: امریکی قونصل خانے کے سامنے فلسطین کے حق میں سینکڑوں طلبہ کا احتجاج

لاہور(پ ر)پروگریسو سٹوڈنٹس کلیکٹو(پی ایس سی) کے زیر اہتمام منگل کے روز لاہور میں قائم امریکی قونصل خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ یہ احتجاجی مظاہرہ فلسطین کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا مظاہرہ کرنے اوراسرائیلی ریاست کی جانب سے جاری نسل کشی اور امریکی حمایت کی مذمت کرنے کیلئے کیا گیا تھا۔ احتجاجی میں طلبہ ، سماجی اور سیاسی کارکنوں، ماہرین تعلیم، فنکاروں اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے مختلف گروہوں نے شرکت کی۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پی ایس سی کے ترجمان علی عبداللہ خان نے غزہ پر اسرائیل کے بے لگام حملے کے نتیجے میں برپا ہونے والے انسانی المیہ پر روشنی ڈالی۔ انکا کہنا تھا کہ اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت نے 32ہزار سے زائد معصوم شہریوں کی جانیں لی ہیں، جن میں سے 5ہزار سے زائد طلبہ اور 300سے زائد اساتذہ بھی شامل ہیں۔ غزہ کے تعلیمی ڈھانچہ کو مکمل تباہ کر دیا گیا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ امریکہ اسرائیل کو اربوں ڈالر کی فوجی امداد فراہم کر رہا ہے، جس کی وجہ سے ان مظالم کو جاری رکھا جا رہا ہے۔ ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس نسل کشی کی واضح مذمت کرے۔

نائب صدر حماد کاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پاکستان فلسطینی کاز کی حمایت کیلئے فیصلہ کن اقدامات کرے۔ قانونی راستوں کی پیروی کرتے ہوئے اسرائیل کو بین الاقوامی عدالت انصاف کے سامنے لایا جائے، بائیکاٹ، ڈیوسٹمنٹ اور پابندیوں کی تحریک کی توثیق کی جائیا ور فلسطینی طلبہ کے حق میں احتجاج کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر آگے بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ ہم ان مقاصد کو آگے بڑھانے کا اعلان کرتے ہیں۔ اس ناانصافی کے خلاف ملک بھر میں طلبہ کو متحرک کرنے کیلئے قومی سطح کی فلسطین یکجہتی کمیٹی کی تشکیل دی جائے گی۔ پاکستانی حکومت نے حال ہی میں فلسطین کیلئے دو ریاستی حل کی توثیق کی ہے، جو فلسطینی عوام کی خواہشات اور اس مسئلے پر پاکستان کے دیرینہ موقف کے برخلاف ہے۔ فلسطینی عوام کی مکمل آزادی اور فلسطینی ریاست کے قیام کے مطالبہ کی حمایت کی جائے۔

نائب صدر علی رضا نے کا کہنا تھا کہ فلسطین کی حالت زار پر توجہ دینے میں بین الاقوامی اداروں کی ناکامی اس جاری نسل کشی میں ان کی شراکت کو ظاہر کرتی ہے۔ فلسطینی جدوجہد امریکی حمایت یافتہ لبرل آرڈر کی منافقت کو بے نقاب کرتی ہے اور ہم پر فرض ہے کہ ہم اس جابرانہ نظام کو چیلنج کریں اور اسے ختم کریں۔ فلسطین کے ساتھ ہماری یکجہتی سرحدوں سے ماورا ہے۔ یہ احتجاج پاکستان میں ایک نئے عمرانی معاہدے کا آغاز ہے، جس کی جڑیں انصاف، مساوات اور یکجہتی پر مبنی ہیں۔

احتجاجی مظاہرے سے کئی دوسرے کارکنوں نے بھی خطاب کیااور فلسطینی کاز کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔شرکاء احتجاج نے فلسطین کے حق میں پوسٹرز اور بینر اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین فلسطین کی آزادی کے حق میں پرجوش نعرے بازی کر رہے تھے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts