قیصر عباس
وہ بھی وقت آئے گا
جب شفق کے ہاتھوں سے
وحشتوں کے دامن سے
خوف کے خرابوں سے
اک نئی سحر لے کر
ہر شعاعِ آوارہ
زندگی چرائے گی
وہ بھی وقت آئے گا
آس کے سمندر پر
خواب کے سفینوں کا
اک نیا سفر ہوگا
پھر سے دھوپ پھیلے گی
جاگتے سویروں کی
بستیوں کے ساحل پر
وہ بھی وقت آئے گا
خوشبوؤں کی آوازیں
راستہ دکھائیں گی
سنگِ میل سے آگے
منزلیں بھی ہوتی ہیں
منزلوں کو آناہے
منزلیں تو آئیں گی
وہ بھی وقت آئے گا
شہرِجاں کی قندیلیں
درد کے عذابوں سے
ڈوبتے اندھیروں سے
پھر حساب مانگیں گی
بے حساب راتوں کا
بے رحم سویروں کا
Qaisar Abbas
ڈاکٹر قیصر عباس روزنامہ جدو جہد کے مدیر اعلیٰ ہیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے صحافت کرنے کے بعد پی ٹی وی کے نیوز پروڈیوسر رہے۔ جنرل ضیا الحق کے دور میں امریکہ منتقل ہوئے اور وہیں پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کی۔ امریکہ کی کئی یونیورسٹیوں میں پروفیسر، اسسٹنٹ ڈین اور ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں اور آج کل سدرن میتھوڈسٹ یونیورسٹی میں ہیومن رائٹس پروگرام کے ایڈوائزر ہیں۔ وہ ’From Terrorism to Television‘ کے عنوان سے ایک کتاب کے معاون مدیر ہیں جسے معروف عالمی پبلشر روٹلج نے شائع کیا۔ میڈیا، ادبیات اور جنوبی ایشیا کے موضوعات پر ان کے مقالے اور بک چیپٹرز شائع ہوتے رہتے ہیں۔