فاروق سلہریا
فواد چودہری صاحب! سلام۔
میں ٹوئٹر استعمال نہیں کرتا اس لئے یہ خط ارسال کر رہا ہوں۔
لاپتہ بلوچوں کی ماؤں بہنوں کے بارے میں آپ کا شرمناک ٹویٹ پڑھا تو فوری طور پر اسرائیل ذہن میں آیا۔ صیہونی پراپیگنڈہ مشین دن رات دنیا بھر میں یہی شور مچاتی پھرتی ہے کہ فلسطینی دہشت گرد ہیں، غزہ سے خود کش حملہ آور اسرائیل پر حملہ آور ہوتے ہیں…اور سب سے زیادہ گھٹیا بات یہ کی جاتی ہے کہ جو فلسطینی عرب اسرائیل میں رہ رہے ہیں (یعنی وہاں کے اسلام آباد میں)، دیکھئے اسرائیل ان کے ساتھ کتنا اچھا سلوک کر رہا ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ بھی یاد آیا۔ وہ بھی دن رات یہی شور مچاتا تھا کہ امریکہ کے ساتھ عالمی سطح پر بہت زیادتی ہو رہی ہے، چین روس اور یورپ امریکہ کے ساتھ زیادتی کر رہے ہیں۔ ٹرمپ کے بقول امریکہ کے اندر سفید فام لوگ بھی ظلم کا شکار ہیں اور ڈیموکریٹس نے سیاہ فام لوگوں کو بہت سر چڑھا رکھا ہے۔
ایڈولف ہٹلر، جس کے خلاف جنگ میں حصہ لینے کے لئے آپ کے آبائی ضلع سے بھی ہزاروں فوجی انگریز کی فوج میں بھرتی کئے گئے تھے، کو بھی یہ لگتا تھا کہ جرمنی کے ساتھ بہت زیادتی کی گئی ہے۔
ہالی وڈ کی فلموں میں جاپانیوں اورویت نام کے لوگوں کو وحشی بنا کر دکھایا جاتا تھا۔ پرل ہاربر پر تو ہالی وڈ آج تک آنسو بہا رہا ہے۔ ہیروشیما ناگا ساکی کسی کو یاد نہیں۔
دور کیوں جائیے۔ ہمارا اپنا مطالعہ پاکستان روز چیختا ہے چلاتا ہے اور ہمیں یاد دلاتا ہے کہ مکتی باہنی کتنی ظالم تھی۔ جب خطہ پوٹھوہار کا جری سپوت بنگال کا بچر بنا ہوا تھا، ان دنوں بھی بنگالیوں کو مکمل آزادی تھی کہ اسلام آباد میں اپنی بہنوں بیٹیوں کے ریپ کے خلاف جی بھر کر مظاہرہ کر سکیں۔
چودہری صاحب! آپ پیپلز پارٹی میں بھی رہے ہیں۔ کل ضمنی انتخابات کے جو نتائج آئے ہیں، اس کے بعد آپ شائد دوبارہ پیپلز پارٹی میں شامل ہو جائیں۔ جب آپ کے چچا کو بی بی شہید نے پنجاب کا گورنر مقرر کیا تو ایک محفل میں مجھے بطور صحافی ان سے ملنے کا موقع ملا۔
چودہری الطاف صاحب فرما رہے تھے کہ بے گناہ کو ملنے والی ہر پھانسی عدالتی قتل ہوتا ہے مگر بھٹو کا عدالتی قتل صرف بھٹو کا نہیں، ملک میں جمہوریت کا عدالتی قتل تھا۔ ممکن ہے پیمانوں کی یہ ناپ تول آپ کے چچا نے کبھی آپ سے بھی ڈسکس کی ہو۔
باتیں تو اور بھی بہت سی یاد آ رہی ہیں۔ اس یاد دہانی کے ساتھ اجازت چاہوں گا کہ اسلام آباد پنجاب نہیں وفاق ہے۔ اس پر ہماری مظلوم بلوچ ماووں بہنوں اوربیٹیوں کا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا بشریٰ بی بی کا۔ یہ بھی یاد رہے، آپ سرکاری طور پر وفاقی وزیر ہیں، پنجابی وزیر نہیں۔
فقط۔
فاروق سلہریا
Farooq Sulehria
فاروق سلہریا روزنامہ جدوجہد کے شریک مدیر ہیں۔ گذشتہ پچیس سال سے شعبہ صحافت سے وابستہ ہیں۔ ماضی میں روزنامہ دی نیوز، دی نیشن، دی فرنٹئیر پوسٹ اور روزنامہ پاکستان میں کام کرنے کے علاوہ ہفت روزہ مزدور جدوجہد اور ویو پوائنٹ (آن لائن) کے مدیر بھی رہ چکے ہیں۔ اس وقت وہ بیکن ہاوس نیشنل یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر درس و تدریس سے وابستہ ہیں۔