لاہور (فاروق طارق کنوینر لاہور لیفٹ فرنٹ)شہر میں موجود بائیں بازو کے گروہوں، تنظیموں، سیاسی جماعتوں اور افراد پر مشتمل لاہور لیفٹ فرنٹ نے 20 اگست کو ”کشمیر یکجہتی مارچ“ کا اعلان کیا ہے۔
اس مارچ میں ٹریڈ یونینز، سماجی تنظیمیں اورسیاسی کارکنان شریک ہوں گے۔ لاہور لیفٹ فرنٹ کا ”کشمیر یکجہتی مارچ“ شام پانج بجے لبرٹی چوک سے شروع ہو گا۔
9 اگست کو لاہور لیفٹ فرنٹ نے کشمیر سٹوڈنٹس کونسل کے احتجاجی مظاہرہ میں بھی شرکت کی تھی۔
”کشمیر یکجہتی مارچ“ کشمیر میں بھارتی حکومت کی جانب سے آرٹیکل 370 اور اس کی ذیلی شق 35 اے کی منسوخی، مسلسل کرفیو، عوام کے احتجاجی مظاہروں پر گولیوں کی بوچھاڑ اور بھاری تعداد میں مزید بھارتی فوجیوں کی کشمیر تعیناتی کے خلاف احتجاج کے طور پر کیا جائے گا۔ اس مارچ کے ذریعے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی مکمل حمایت کا اعلان کیا جائے گا۔
لاہور لیفٹ فرنٹ نے تمام لوگوں سے شرکت کی اپیل کی ہے۔
لاہور لیفٹ فرنٹ میں عوامی ورکرز پارٹی، پاکستان مزدور کسان پارٹی، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین، حقوقِ خلق موومنٹ اور پاکستان کمیونسٹ پارٹی کے علاوہ بہت سے ترقی پسند سیاسی کارکنان اور دانشور خواتین و حضرات انفرادی حیثیت میں بھی شامل ہیں۔