خبریں/تبصرے

جے کے این ایس ایف پونچھ کا کنونشن جولائی میں ہو گا

راولاکوٹ (جدوجہد رپورٹ) جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن نے ضلع پونچھ کا کنونشن جولائی میں منعقد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ کنونشن کی تیاریوں کے سلسلہ میں ممبرشپ مہم اور ذیلی تنظیموں کی تنظیم سازی کا آغاز مئی کے آخری ہفتے سے کر لیا جائے گا۔ تنظیم کا مجلہ ’عزم‘ بھی جون میں شائع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ جات جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے راولاکوٹ میں منعقدہ مرکزی اجلاس میں کئے گئے ہیں۔ اجلاس کی صدارت مرکزی صدر خلیل بابر نے کی، جبکہ اجلاس میں سابق اور موجودہ مرکزی عہدیداران کے علاوہ ممبران سنٹرل کمیٹی اور ذیلی تنظیموں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں مرکزی ڈپٹی چیف آرگنائزر عثمان عزیز کے بسلسلہ روزگار بیرون ملک جانے کے ارادے کو ملحوظ رکھتے ہوئے متفقہ طور پر ارسلان شانی کو مرکزی ڈپٹی چیف آرگنائزر نامزد کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ دنیا بھر میں سرمایہ دارانہ نظام کی ناکامی روز روشن کی طرح عیاں ہو چکی ہے۔ ترقی پذیر ممالک پر مالیاتی بحران سمیت ماحولیاتی بحران کا بوجھ بھی ڈالا جا رہا ہے۔ آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور دیگر سامراجی اداروں کی پالیسیوں نے پاکستان، سری لنکا، مصر سمیت دیگر ترقی پذیر معیشتوں کو دیوالیہ کر کے رکھ دیا ہے۔ مہنگائی، بیروزگاری اور دیگر سماجی و معاشی مسائل عروج پر ہیں۔ حکمران طبقات بحران کا تمام تر بوجھ محنت کش طبقے پر ڈالنے کے علاوہ جعلی اور مصنوعی تنازعات، تعصبات اور سیاسی و مذہبی فرقہ واریت کو سماج پر مسلط کرتے ہوئے نان ایشوز کے گرد واویلا کرنے میں مصروف ہیں۔ ریاستیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور ناقابل حل باہمی معاشی، سیاسی اور انتظامی تضادات سیاسی افق پر اپنا اظہار کر رہے ہیں۔ جب تک آئی ایم ایف کی پالیسیوں کو ترک کرتے ہوئے تمام تر مالیاتی اداروں کو قومی تحویل میں نہیں لیا جاتا، سامراجی اور مقامی سرمایہ داروں کی دولت کو ضبط کرتے ہوئے محنت کش طبقے کی فلاح کیلئے استعمال نہیں کیا جاتا، اس بحران سے نکلنے کا کوئی راستہ کوئی وسیلہ موجود نہیں ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ بھارتی حکمران جموں کشمیر میں آبادیاتی تبدیلی کے علاوہ حلقہ بندیوں کے نام پر مذہبی اور علاقائی تقسیم کو پروان چڑھاتے ہوئے اپنے مذموم مقاصد کے حصول میں سرگرداں ہیں۔ سیاسی رہنماؤں کو سامراجی مقاصد کے حصول کیلئے انتقام کی بھینٹ چڑھانے کا عمل جاری ہے۔

اجلاس سے مرکزی صدر خلیل بابر، سابق صدور راشد شیخ، بشارت علی خان، سیکرٹری جنرل باسط ارشاد، ایڈیٹر عزم بدر رفیق، سینئر نائب صدر عدنان خان، چیئرمین شعبہ نشر و اشاعت فیضان علی سرور، چیئرمین سٹڈی سرکل ڈاکٹر سعدالحسن، ڈپٹی چیئرمین مالیاتی بورڈ دانش یعقوب، اسامہ پرویز، سابق چیف آرگنائزر تنویر انور، سابق ممبر سنٹرل کمیٹی واجد اصغر، اسامہ ریاض، نقاش امین، چیئرمین جامعہ پونچھ مجیب خان، سبکدوش ڈپٹی چیف آرگنائزر عثمان عزیز، نو نامزد ڈپٹی چیف آرگنائزر ارسلان شانی، سیکرٹری اطلاعات حسنین راجہ، آرگنائزر راولپنڈی برانچ معیظ اختر، جنرل سیکرٹری جامعہ پونچھ مین کیمپس عبدالوہاب سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔

مقررین کا مزید کہنا تھا کہ اس نظام کی حاکمیت اور محکوم قومیتوں پر قبضے کو برقرار رکھنے کیلئے فسطائیت کی ہر حد پار کی جا رہی ہے۔ اس فسطائیت کے خلاف مشترکہ لڑائی لڑنے کا وقت آچکا ہے۔ طلبہ اور نوجوان سرمایہ دارانہ وحشت اور فسطائیت کے خلاف اس جدوجہد میں ہر اؤل کردار ادا کرینگے۔ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن آئی ایم ایف اور دیگر سامراجی اداروں کی عوام دشمن پالیسیوں اور جموں کشمیر پر سامراجی یلغار کے خلاف مہم کو نہ صرف تمام تر تعلیمی اداروں میں لے جائیگی بلکہ محنت کش طبقے کی ہر اؤل پرتوں تک یہ پیغام پہنچاتے ہوئے سرمایہ دارانہ نظام اور نو آبادیاتی توسیع پسندانہ عزائم کے خلاف فیصلہ کن لڑائی کا آغاز کیا جائے گا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ آج انقلابی سوشلزم کے نظریات نسل انسانی کیلئے واحد راہ نجات ہیں۔ یہی وہ راستہ فراہم کرتے ہیں جس پر چلتے ہوئے ہر طرح کے قومی و طبقاتی استحصال کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts