خبریں/تبصرے

عسکریت پسندوں کے حملوں میں 6 ماہ کے دوران 389 افراد ہلاک

لاہور (جدوجہدر پورٹ) تھینک ٹینک پاکستان انسٹیٹیوٹ فار کانفلیکٹ اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز (پی ای سی ایس ایس) کی رپورٹ کے مطابق رواں سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران دہشت گردی اور خود کش حملوں میں مسلسل اور تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ان حملوں میں ملک بھر میں 389 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

’ڈان‘ کے مطابق رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ زیر جائزہ مدت کے دوران کل 271 حملے ہوئے، جن میں 389 افراد ہلاک اور 656 زخمی ہوئے۔ گزشتہ سال اسی عرصہ میں 151 حملے ہوئے تھے، جن میں 293 افراد ہلاک اور 487 افراد زخمی ہوئے تھے۔

اعداد و شمار گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں رواں سال کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران عسکریت پسندوں کے حملوں میں حیران کن طور پر 79 فیصد اضافہ ظاہر کر رہے ہیں۔

2022ء کے دوسرے نصف حصے میں 228 حملے ریکارڈ کئے گئے، جن کے نتیجے میں 246 ہلاکتیں اور 349 افراد زخمی ہوئے۔ اس طرح 2023ء کے پہلے 6 ماہ میں 2022ء کی دوسری ششماہی کے مقابلے میں حملوں میں 18 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہلاکتوں میں 58 فیصد اور زخمیوں میں 88 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے نتیجے میں کم از کم 236 عسکریت پسندوں کی ہلاکتوں کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران 174 حملوں کے ساتھ سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ رہا ہے، ان حملوں میں 266 افراد ہلاک اور 463 زخمی ہوئے ہیں۔

پی آئی سی ایس ایس کے اعداد و شمار 2022ء کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 2023ء کے پہلے 6 ماہ کے دوران کے پی کے قبائلی اضلاع میں دہشت گردی کے حملوں میں 51 فیصد اضافہ ظاہر کرتے ہیں، حالانکہ گزشتہ سال کی پہلی اور دوسری ششماہی کے مقابلے میں ہلاکتوں میں 10 اور 15 فیصد کمی واقعی ہوئی۔

مین لینڈ کے پی نے 2023ء کے پہلے 6 ماہ کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 108 فیصد اضافہ دیکھا اور 2022ء کی دوسری ششماہی کے مقابلے میں یہ اضافہ 25 فیصد تھا۔

بلوچستان میں 2023ء کی پہلی ششماہی میں دہشت گردی کے 75 واقعات رپورٹ ہوئے، جن کے نتیجے میں 100 افراد ہلاک اور 163 زخمی ہوئے۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں دہشت گردی کے حملوں میں 103 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ 2022ء کے آخری 6 ماہ کے مقابلے میں یہ اضافہ 14 فیصد ہے۔

سندھ میں 2023ء کے پہلے 6 مہینوں میں 13 حملے رپورٹ ہوئے، جن کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک اور 19 ہی زخمی ہوئے۔

سندھ میں ہونے والی ہلاکتوں میں گزشتہ سال کی پہلی ششماہی کے مقابلے میں 27 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ 2022ء کے آخری 6 ماہ کے مقابلے میں 171 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔

پنجاب میں 2023ء کے پہلے 6 ماہ کے دوران دہشت گردی سے متعلق واقعات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اس دوران 8 حملے رپورٹ ہوئے ہیں، جن کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے ہیں۔

2023ء کی پہلی ششماہی کے دوران خودکش حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ایسے 13 حملے ہوئے جن کے نتیجے میں 142 افراد ہلاک اور 309 افراد زخمی ہوئے۔ اس کے مقابلے میں گزشتہ سال اسی عرصہ کے دوران 5 خود کش حملے رپورٹ ہوئے تھے، جن میں 77 افراد ہلاک اور 225 زخمی ہوئے تھے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts