خبریں/تبصرے

اساتذہ کے مطالبات تسلیم کئے جائیں، یونان کشتی حادثہ کے متاثرین کو معاوضہ دیا جائے: این ایس ایف

راولاکوٹ(پ ر) جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن ضلع پونچھ نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹیچرز آرگنائزیشن کے مطالبات فوری تسلیم کرنے اور غیر قانونی، غیر آئینی انتقامی کارروائیوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ بند کیا جائے، گرفتار اساتذہ کو فوری رہا کیا جائے اور احتجاج پر پابندیوں کے حکم نامے فوری واپس لئے جائیں، یونان کشتہ حادثہ میں ڈوبنے والے نوجوانوں کے ورثاء کو معقول معاوضہ جات ادا کئے جائیں اور آٹے کی قلت کا خاتمہ کرتے ہوئے اشیاء خورونوش پر سبسڈی فراہم کی جائے اور بجلی پر ٹیکسوں کا خاتمہ کیا جائے۔

جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن ضلع پونچھ کی کابینہ کا تعارفی اجلاس نو منتخب چیئرمین مجیب خان کی زیرصدارت مرکزی سیکرٹریٹ جے کے این ایس ایف راولاکوٹ میں منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں کابینہ ممبران سمیت جے کے این ایس ایف کے متحرک کارکنان اور تعلیمی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں نظامت کے فرائض جنرل سیکرٹری پونچھ دانش فدا نے ادا کیے۔

چیئرمین ضلع پونچھ مجیب خان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مروّجہ معاشی ابتری اور انتشار سے بھرپور عہد حکمران طبقات کی مجرمانہ پالیسیوں کا ناگزیر نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا ریاست اپنے فرائض سر انجام دینے میں ناکام ہے اور خوارک، تعلیم، صحت اور روزگار کے مسائل میں بے تحاشہ اضافہ اور پہلے سے شدت موجود ہے جسکے باعث محنت کش اور محکوم عوام کی زندگیاں انتہائی پر کٹھن اور مسائل سے دوچار ہیں۔

اجلاس میں مجیب خان کے علاوہ مرکزی ایڈیٹر عزم بدر رفیق، ڈپٹی چیف آرگنائزر ارسلان شانی، چیئرمین سٹڈی سرکل سعد الحسن، چیئرمین شعبہ نشرواشاعت فیضان علی سرور، ضلعی آرگنائزر سیف اللہ، نعیم آزاد، سبحان عبدالمالک، منصور مجید، قادر خان، علیزہ اسلم، مریم شعیب، ثوبیہ بتول، عبدالوہاب، حنان بابر، عدیل اشرف، خالد ابراہیم اور دیگر نے خطاب کیا۔

مقررین نے اپنے خطاب میں ریاست کی جانب سے سکول ٹیچر آرگنائزیشن کے صدر اور جنرل سیکرٹری کے خلاف ہونے والی انتظامی کارروائیوں کی بھرپور مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ انتقامی کارروائیوں کو فی الفور بند کیا جائے اور ایسوسی ایشن کے مطالبات کو تسلیم کیا جائے۔

مقررین نے کہا کہ تعلیم کے کاروبار پر پابندی لگائے جائے اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے۔ مقررین نے امن و امان اور شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر شہریوں کا قتل انتہائی افسوسناک ہے اور گزشتہ دنوں بھارتی افواج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے واقعہ کی بھرپور مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا کہ سیز فائر لائن معاہدے کو یقینی بنایا اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کی جانب سے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے حوالے سے کوئی منصوبہ بندی نہیں ہے اور جسکے ممکنہ مضمرات کی وجہ سے یونان کشتی حادثہ پیش آیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ کشتی حادثہ میں ہلاک ہونے والے نوجوانوں کے ورثا کو فی کس تیس لاکھ روپے معاوضہ فراہم کیا جائے۔ اس کے علاوہ ریاستی سطح پر روزگار کے حوالے سے منصوبہ بندی کرتے ہوئے نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائے وگرنہ بیروزگاری الاؤنس فراہم کیا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ بیرون ملک پھنسے ہوئے جموں کشمیر کے نوجوانوں کو با حفاظت اور با معاوضہ واپس لانے کے حوالے سے اقدامات کیے جائیں۔

ضلع پونچھ کابینہ ممبران نے بالخصوص ضلع پونچھ کے اندر بالخصوص تنظیم سازی اور سٹڈی سرکلز کے ٹارگٹس لیے اور بالعموم پورے خطے کے نوجوانوں تک جے کے این ایس ایف کے مزاحمتی نظریات اور جدوجہد کو پھیلانے کا عزم کیا گیا اور کہا گیا کہ علاج، تعلیم، روزگار، غربت، محرومی اور غلامی کے خاتمے تک جدوجہد کو جاری و ساری رکھا جائے گا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts