لاہور(جدوجہد رپورٹ) پاکستان کسان رابطہ کمیٹی، لیبر ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور ٹریڈ یونین ایکشن کمیٹی پنجاب کی جانب سے فلسطینی عوام کی حمایت کے اظہار کے طور پر لاہور میں لیبر ڈپارٹمنٹ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ہونے والے اس مظاہرے کا مقصد غزہ میں جاری بحران سے نمٹنے کی اشد ضرورت کی طرف توجہ مبذول کرانا تھا۔
مظاہرین نے اپنے مطالبات میں متحد ہو کر فلسطین میں فوری جنگ بندی اور ناکہ بندی اور اسرائیلی نسل پرستی کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ ان کی اجتماعی آواز نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے جواب میں فلسطینی عوام کی آزادی اور انصاف کی بھی وکالت کی۔
پاکستان کسان رابطہ کمیٹی کے جنرل سیکرٹری فاروق طارق نے اپنے خطاب میں ماحولیاتی انصاف اور انسانی حقوق کی جدوجہد کی اہمیت پر زور دیا۔ ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ انسانی حقوق کے بغیر ماحولیاتی انصاف نہیں ہو سکتا۔ ہم عالمی رہنماؤں پر زور دیتے ہیں کہ وہ قبضے کے خاتمے کا مطالبہ کریں، جو ماحولیاتی انصاف کی جدوجہد کا ایک لازمی حصہ ہے اور فلسطینیوں سمیت تمام لوگوں کے لیے باوقار زندگی کا تصور پیش کرتا ہے۔
ٹریڈ یونین ایکشن کمیٹی پنجاب کے مرکزی رہنما بابا لطیف نے اسرائیل کے اقدامات پر عالمی اداروں کی خاموشی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مغربی اور امریکی سیاسی اسٹیبلشمنٹ، اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے غزہ میں اسرائیل کی نسل کشی اور مظالم پر خاموش ہیں۔ فلسطین نے مغربی دنیا کی منافقت اور دوہرے معیار کو بے نقاب کر دیا ہے۔
ایشیا بھر میں مختلف تحریکوں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کے تعاون سے منعقد ہونے والے اس احتجاج کا مقصد انصاف، انسانی حقوق اور فلسطین میں قبضے کے خاتمے کی وکالت کرنے والی آوازوں کو بلند کرنا ہے۔