خبریں/تبصرے

پاکستان کسان رابطہ کمیٹی کا جی 7 رہنماؤں سے کلائمیٹ فنانس کی ادائیگی کا مطالبہ

لاہور (پریس ریلیز) پاکستان کسان رابطہ کمیٹی، لیبر ایجوکیشن فائونڈیشن اور کروفٹر فاؤنڈیشن نے امریکن قونصلیٹ اور لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ جی سیون ممالک کلائمیٹ فنانس کی ادائیگی کریں۔ یہ احتجاج 13 جون کو ہونے والے 50 ویں جی 7 سربراہ اجلاس کے جواب میں منعقد کیا گیا تھا۔

2021 میں جاری ہونے والی یو این ایف سی سی کی پہلی ضروریات کے تعین کی رپورٹ میں تخمینہ لگایا گیا ہے کہ 2030 تک تخفیف اور موافقت کی لاگت 5.9 سے 11.4 ٹریلین ڈالر ہوگی۔ تاہم ، یہ رقم یو این ایف سی سی کے 164 ترقی پذیر ممالک کے فریقوں میں سے 24 ممالک کی ضروریات کے صرف 26٪ کی لاگت ہی پوری کرتی ہے ، جس کا مطلب ہے کہ تخفیف اور موافقت کی حقیقی لاگت بہت زیادہ ہے۔ اس اعداد و شمار میں معاشی نقصان کو بھی شامل نہیں کیا گیا ہے، جس کا تخمینہ 2030 تک ہر سال کم از کم 400 بلین ڈالر ہے۔

پاکستان کسان رابطہ کمیٹی کے جنرل سیکرٹری فاروق طارق نے کہا کہ "ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ جی سیون ممالک تمام ممالک کی موافقت اور تخفیف کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے مناسب کلائمیٹ فنانس کی اپنی زمہ داری پوری کریں۔ انتہائی محتاط اندازوں کے مطابق جولائی میں مون سون بارشوں کی وجہ سے پاکستان کو 35 سے 40 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔ کسی بھی کلائمیٹ فنانس کے میکانزم کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے نقصانات سے نمٹنے کی ضرورت ہے، کیونکہ ماحولیاتی تبدیلی بنیادی طور پر امیر ، صنعتی ممالک کی وجہ سے ہے۔”

فاروق طارق نے مزید کہا کہ، ” یہ ان کی تاریخی ذمہ داری ہے کہ وہ اس تباہی کی قیمت ادا کریں جو انہوں نے کی ہے۔”

100 بلین ڈالر کا وعدہ، جو 2009 میں کیا گیا تھا اور 2015 میں اس کا دوبارہ اعادہ کیا گیا تھا، پہلے ہی بے نقاب ہو چکا ہے اور اسے شدید ناکافی قرار دے کر تنقید کا نشانہ بنایا جا چکا ہے، پھر بھی دنیا کی امیر ترین قومیں اسے پورا کرنے میں مسلسل ناکام رہی ہیں۔ G7 نے اجتماعی طور پر یو این ایف سی سی کے موسمیاتی فنڈز کے ذریعے صرف 30.9 بلین ڈالر فراہم کیے ہیں۔

ایشین پیپلز موومنٹ آن ڈیٹ اینڈ ڈیولپمنٹ کے کنٹری اسٹاف ضیغم عباس نے کہا: "گلوبل ساؤتھ کے ممالک موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا میں حالیہ گرمی کی لہریں اس بات کی تصدیق کرتی ہیں کہ ماحولیاتی بحران میں سب سے کم کردار ادا کرنے کے باوجود ، گلوبل ساؤتھ کے ممالک امیر صنعتی ممالک کے اقدامات کی وجہ سے متاثر ہوتے ہیں۔ تاریخی اور موجودہ گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کا تناسب اس طرح کی ہیٹ ویو اور غیر متوقع موسم کا ذمہ دار ہے۔ لہذا یہ ضروری ہے کہ گلوبل نارتھ کے ممالک اپنی ذمہ داری کا احساس کریں اور اپنی کلائمیٹ فنانس کی ادائیگی کریں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts