مدبر علی
پاکستان کے معاشی اصلاحات کی کوششوں میں ہونے والے نشیب و فراز کی عکاسی کرتے ہوئے، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کا عمل نمایاں رکاوٹوں کا شکار ہوا ہے۔ نگراں حکومت کی جانب سے اس نجکاری مہم کا آغاز کیا گیا، جس کی قیادت ریٹائرڈ بیوروکریٹ فواد حسن فواد کر رہے ہیں، جو کہ ایک سابق ڈی ایم جی افسر ہیں اور ان پر قومی احتساب بیورو (نیب) میں مقدمات بھی رہے ہیں۔ نجکاری کے اس عمل کا مقصد تھا کہ پی آئی اے کو بیرونی سرمایہ کاروں کی مدد سے بحال کیا جائے، لیکن اس کے برعکس یہ اقدام بے حد اخراجات، غیر ملکی سرمایہ داروں کی عدم دلچسپی اور مقامی بولی دہندگان کی غیر معمولی تجاویز کی وجہ سے تنقید کی زد میں آیا ہے۔
نگراں انتظامیہ نے، جو پاکستان کی طاقتور عسکری اسٹیبلشمنٹ کی حمایت یافتہ ہے، ارنسٹ اینڈ ینگ (ای وائے)کو نجکاری مشیر مقرر کیا، جس پر مبینہ طور پر ان کی خدمات کے لئے 7.4 ملین ڈالر اور مجموعی طور پر مختلف مشیران پر 20 ملین ڈالر سے زائد خرچ کیے گئے۔ اس عمل کا مقصد بین الاقوامی ایئر لائنز کو خریداری میں راغب کرنا تھا۔ تاہم ان بھاری اخراجات کے باوجود، حکومت کسی بھی غیر ملکی سرمایہ کار کو راغب کرنے میں ناکام رہی اور صرف 6 مقامی کمپنیوں نے ابتدائی دلچسپی ظاہر کی۔
اس دوران، پی آئی اے کی مالی حالت میں بھی شدید مشکلات سامنے آئیں، جو ممکنہ خریداروں کی عدم دلچسپی کی بڑی وجہ بنیں۔ پی آئی اے نے 2023 میں 75 ارب روپے سے زائد کا نقصان ظاہر کیا، جبکہ اس کے کل واجبات 825 ارب روپے تک پہنچ گئے، اور اس کے مقابلے میں کل اثاثوں کی مالیت صرف 161 ارب روپے تھی۔ ممکنہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن ہولڈنگ کمپنی نے پی آئی اے کے 650 ارب روپے سے زائد کے قرض کو عوامی شعبے میں منتقل کرنے کی منظوری دی، تاکہ ایک ’صاف‘پی آئی اے سرمایہ کاروں کے لیے فروخت کے لئے پیش کی جا سکے۔
لیکن جیسے ہی فروخت کا عمل آگے بڑھا، صرف ایک بولی دہندہ، بلیو ورلڈ رئیل اسٹیٹ، دلچسپی میں باقی رہا۔ تاہم ان کی پیشکش غیر معمولی تھی، کیونکہ وہ نقد کی بجائے بلیو ورلڈ ڈویلپمنٹس سے جائیداد کے پلاٹس کی صورت میں ادائیگی کرنا چاہتے تھے، جس سے بولی اور نجکاری کی حکمت عملی پر مزید سوالات اٹھے۔
دوسرے پانچ مقامی بولی دہندگان نے حکومت کے اس فیصلے پر اختلاف کرتے ہوئے پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کیا کہ صرف 60 فیصد شیئرز فروخت کے لئے پیش کیے جائیں گے، جبکہ کم از کم بولی کی قیمت 85 ارب روپے مقرر کی گئی تھی۔ بولی دہندگان میں سے زیادہ تر یورپ اور شمالی امریکہ جیسے منافع بخش بین الاقوامی راستوں تک رسائی کے بارے میں بھی غیر یقینی کا شکار تھے، جہاں پی آئی اے کی حفاظت اور ضابطے کے مسائل کی وجہ سے پابندیاں عائد ہیں۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری پاکستان کے وسیع تر معاشی اور انتظامی مسائل کی عکاس ہے۔ اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) جیسے منصوبے اور فوجی ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو) کی بھاری شمولیت کے باوجود، پاکستان کی ناقص معاشی حکمت عملی تنقید کی زد میں ہے،اور کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ یہ حقیقت سے ہم آہنگ نہیں ہے۔ نجکاری کی یہ کوشش، جو پی آئی اے کو مستحکم کرنے کے لیے کی گئی تھی، درحقیقت شفافیت، کارکردگی اور پاکستان کی معیشت میں ذاتی مفادات کے اثرات سے متعلق خدشات کو اجاگر کر رہی ہے۔
حکومت جہاں ایک قومی ایئرلائن کو نجکاری کے عمل کے ذریعے بچانے کی کوشش کر رہی ہے، جو کہ عملہ کی زیادتی، قرضوں کے بوجھ اور انتظامی نااہلی کی وجہ سے سنجیدہ سرمایہ کاروں کے لیے غیر پرکشش ہے، وہاں پی آئی اے کی نجکاری کی یہ کہانی ملک کے وسیع تر نجکاری کے مقاصد کے مستقبل کے حوالے سے اہم سوالات کو جنم دیتی ہے۔