راولاکوٹ(پ ر) جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن(جے کے این ایس ایف) کے سابق مرکزی صدر امجد شاہسوار کی چوتھی برسی انتہائی عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی گئی۔ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام راولاکوٹ شہر سے امجد شاہسوار کے آبائی گاؤں تراڑ تک ریلی کا اہتمام کیا۔
ریلی میں سیکڑوں نوجوان طلباء و طالبات نے شرکت کی اور امجد شاہسوار کی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ریلی کے شرکاء نے امجد شاہسوار کی قبر پر پرچم تبدیل کیا، نعروں اور انقلابی ترانوں سے امجد شاہسوار کے ادھورے مشن کو جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا۔
اس موقع پر شرکاء سے مرکزی صدر این ایس ایف خلیل بابر، معروف سیاسی و سماجی رہنما سردار زاہد خان، جنرل سیکرٹری این ایس ایف جامعہ پونچ علیزہ اسلم، ممبر سنٹرل کمیٹی فیضان عزیز، ڈپٹی سیکرٹری مالیات دانش یعقوب اور دیگر مقررین نے خطاب کیا، جبکہ نظامت کے فرائض دانش فدا نے ادا کیے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ امجد شاہسوار کی جلائی ہوئی شمع آج اس خطے میں عوامی شعور کی صورت میں اپنا اظہار کر رہی ہے۔ یہ امجد شاہسوار ہی تھے، جنہوں نے بجلی، آٹے اور دیگر اشیاء ضروریہ کی مہنگائی کے خلاف اس خطے میں نعرے متعارف کروائے۔ انہوں نے عوامی حقوق کی بازیابی کے لیے طویل جدوجہد کی اور قربانیاں دیں۔ زلزلہ سے تباہ حال انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے جدوجہد کے دوران انہوں نے پولیس تشدد اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن کبھی عوامی حقوق پر کمپرومائز نہیں کیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ امجد شاہسوار نے اس خطے میں نوجوانوں کو انقلابی سوشلزم سے لیس کرنے اور جے کے این ایس ایف کے نظریات کے دفاع میں بھی جواں مردی کے ساتھ اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ آج اس خطے میں انقلاب اور آزادی کی آواز بلند کرنے والے نوجوانوں کے لیے امجد شاہسوار ایک مشعل راہ کی مانند ہیں۔
مقررین کا کہنا تھا کہ ہم امجد شاہسوار کے ادھورے مشن کی تکمیل، اس خطے سے ظلم، جبر، بربریت کے خاتمے، جموں کشمیر کی مکمل آزادی اور سوشلسٹ انقلاب تک اپنی جدوجہد جاری و ساری رکھیں گے۔