خبریں/تبصرے

جسٹس فار برمش: ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ آج سے ملک گیر مظاہرے کرے گی

لاہور (جدوجہد رپورٹ) خواتین کی ترقی پسند تنظیم’ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ‘نے برمش یکجہتی کمیٹی کی اپیل پر آج سے ملک گیر مظاہرے کرنے کا اعلان کیا ہے۔ آج اس سلسلے کا پہلا مظاہرہ کوئٹہ میں ہو گا۔ کل کراچی اور لاہور میں مظاہرے کئے جائیں گے۔ 7 جون کو نصیر آباد میں مظاہرہ منظم کیا جائے گا۔

یاد رہے 26 مئی کو چار سالہ برمش کی والدہ ملک ناز کو ہلاک کر دیا گیا تھا جبکہ فائرنگ کے اس واقعہ میں برمش شدید زخمی ہو گئی۔ برمش اس وقت ہسپتال میں زیر علاج ہے۔

ضلع کیچ کے گاؤں میں پیش آنے والے اس واقعہ کی ذمہ داری ایک مبینہ ڈیتھ اسکواڈ پر ڈالی جا رہی ہے جس کی قیادت سمیر سبزال کے ہاتھ میں ہے۔ اس واقعے کے خلاف بلوچستان کے مختلف شہروں میں مظاہرے ہو چکے ہیں اور مختلف بلوچ حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سمیر سبزال کو گرفتار کیا جائے۔

ایک ایسے وقت میں جب جارج فلوئڈ کی ہلاکت کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج ہو رہا ہے، اس واقعہ کو پاکستان کے مین اسٹریم میڈیا میں کسی قسم کی کوریج نہیں دی جا رہی۔

Roznama Jeddojehad
+ posts