شاعری

غزل: کب تک مزار شوق پہ سجدا کریں گے ہم؟

قیصر عباس

رسم دعا کوبھیڑ میں رسوا کریں گے ہم
کب تک مزارِ شوق پہ سجدا کریں گے ہم؟

اوہام پر بچھی ہے مرے شہر کی بساط
بیساکھیوں کے زعم پہ دوڑا کریں گے ہم

رستے بنا چکا ہے وہ صحرائے یاس میں
اس دشتِ بے مراد میں کھویا کریں گے ہم

ہرچوک پر توُ اپنی اناؤ ں کے بت سجا
پھر ان مجسموں ہی کو پوجا کریں گے ہم!

ہر ایک کو ملیں گے نئے منظروں کے عکس
اندھی بصارتوں ہی سے دیکھا کریں گے ہم

اُن کی گرفت میں ہیں نئے آسماں تو کیا
اپنی زمین پر ہی تما شا کریں گے ہم

کچھ لوگ رکھ گئے تھے دیے سنگ ِمیل پر
منزل کے خواب راہ میں دیکھا کریں گے ہم

Qaisar Abbas
+ posts

ڈاکٹر قیصر عباس روزنامہ جدو جہد کے مدیر اعلیٰ ہیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے صحافت کرنے کے بعد پی ٹی وی کے نیوز پروڈیوسر رہے۔ جنرل ضیا الحق کے دور میں امریکہ منتقل ہوئے اور وہیں پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کی۔ امریکہ کی کئی یونیورسٹیوں میں پروفیسر، اسسٹنٹ ڈین اور ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں اور آج کل سدرن میتھوڈسٹ یونیورسٹی میں ہیومن رائٹس پروگرام کے ایڈوائزر ہیں۔ وہ ’From Terrorism to Television‘ کے عنوان سے ایک کتاب کے معاون مدیر ہیں جسے معروف عالمی پبلشر روٹلج نے شائع کیا۔ میڈیا، ادبیات اور جنوبی ایشیا کے موضوعات پر ان کے مقالے اور بک چیپٹرز شائع ہوتے رہتے ہیں۔