لاہور (جدوجہد رپورٹ) بھارتی صحافی روپیش کمار سنگھ کو ریاست جھاڑ کنڈ کے ضلع رام گڑھ سے گرفتار کر لیا گیا۔ ان پر ماؤ وادی گروہوں سے تعلقات کا الزام ہے۔ ادہر، ناقدین کا کہنا ہے کہ انہیں ان کی ایک حالیہ رپورٹ کی وجہ سے گرفتار کیا گیا ہے جس میں انہوں نے اس بات کا انکشاف کیا تھا کہ خطرناک انڈسٹریل ویسٹ آدی واسی قبائل کی زرعی زمینوں پر پھینکا جا رہا ہے جس کی وجہ سے زمینیں بنجر ہو رہی ہیں۔
روپیش کمار آدی واسی قبائل کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لئے جانے جاتے ہیں۔ ان کی گرفتاری پر کیمونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ لیننسٹ) کے رکن صوبائی اسمبلی ونود کمار سنگھ نے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعہ کی تحقیقات کی جائیں۔ بائیں بازو کے حلقوں نے اس گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔