لاہور(جدوجہد رپورٹ)پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے آج 31 جنوری کو پیکا ایکٹ کے خلاف یومِ سیاہ منانے کا اعلان کر دیا ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق پی ایف یو جے کی اپیل پر ملک بھر کے پریس کلبوں اور یونین کے دفاتر پر سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے، نیز پیکا ایکٹ کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ تمام صحافی بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر سرکاری و غیر سرکاری تقریبات کی کوریج کریں گے۔
پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ اور سیکرٹری جنرل ارشد انصاری نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ پیکا ترمیمی بل پر حکومت، قومی اسمبلی اور سینیٹ نے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی بار بار اپیل کے باوجود صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملاقات کا موقع دیے بغیر بل پر دستخط کر دیے، جو افسوسناک ہے۔
افضل بٹ اور ارشد انصاری نے مزید کہا کہ پی ایف یو جے نے تحریکِ آزادیِ صحافت کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت صحافیوں، وکلا، انسانی حقوق کے علمبرداروں اور سول سوسائٹی کو متحرک کرنے کے لیے ملک گیر مہم شروع کی جائے گی۔ اس کے بعد اس کالے قانون کی منسوخی کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنے کی کال دی جائے گی۔