خبریں/تبصرے

بشریٰ بی بی کے داماد کے سٹور پر چھاپہ مارنے والا فوڈ اتھارٹی کا عملہ یرغمال

لاہور (جدوجہد مانیٹرنگ) وزیر اعظم پاکستان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے داماد کے سپر سٹور چین کے گودام پر مبینہ طور پر چھاپہ مارنے والے فوڈ اتھارٹی کے عملہ کویرغمال بنا کر زد و کوب کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس نے 6 گھنٹے کی کوششوں کے بعد عملے کو بازیاب کروایا ہے۔

یہ انکشاف معروف صحافی اسد علی طور نے اپنے ’وی لاگ‘ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کیا ہے۔ تاہم سرکاری طور پر اس بات کی کوئی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

اسد علی طور کا کہنا تھا کہ 3 روز قبل ’الفتح سٹورز‘ کے فیروز پور روڈ اٹاری سٹاپ لاہور کے قریب واقع گودام پر فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل رفاقت علی کی سربراہی میں عملے نے چھاپہ مارا اور مبینہ طور پر گودام سے زائد المعیاد اشیا خوردونوش برآمد ہونے پر کارروائی کا حکم دیا گیا۔

تاہم گودام پر چھاپہ مارنے کے بعد ڈی جی فوڈ اتھارٹی تو وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے لیکن عملہ کو گودام کے محافظوں نے یرغمال بنا دیا اور انہیں دھمکیاں دی گئیں۔ خاتون اؤل سے رشتے داری کا حوالہ بھی دیا گیا۔

اسد علی طور کے مطابق عملے کو ایک کمرے میں بند کر کے اسکا بجلی کنکشن بھی منقطع کر دیا گیا تھا۔ عملے کو بازیاب کرواتے ہوئے پولیس کو 6 گھنٹے کا وقت لگا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے عملے کو یرغمال بنانے اور زدوکوب کئے جانے پر درخواست بھی دے دی ہے۔ تاہم فوڈ اتھارٹی کے پی آر او سے رابطہ کرنے کی متعدد کوششوں کے باوجود انہوں نے جواب نہیں دیا ہے۔

اسد علی طور کا کہنا تھا کہ الفتح سٹورز کی چین کے مالک انیس شیخ ہیں، وزیر اعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بیٹی انیس شیخ کی بہو ہیں۔ ان کے بیٹے سے بشریٰ بی بی کی بیٹی کی شادی کچھ عرصہ قبل سعودی عرب کے شہر مدینہ میں انجام پائی تھی۔

Roznama Jeddojehad
+ posts