خبریں/تبصرے

روس کی عالمی سپورٹس میں شرکت پر پابندیاں عائد کی جائیں: اولمپک کمیٹی

لاہور (جدوجہد رپورٹ) انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے تمام کھیلوں کے سربراہان اور گورننگ باڈیوں پر زور دیا ہے کہ وہ روس یا بیلا روس کے کھلاڑیوں یا عہدیداروں کو کسی بھی سطح کے منظم بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کی اجازت دینے سے گریز کریں۔

یہ اقدام روس اور بیلا روس کی ٹیموں یا افراد کے خلاف کھیلنے سے انکار کرنے والی ایسوسی ایشنوں اور ممالک کی بڑھتی ہوئی تعداد کے بعد سامنے آیا ہے۔

’انڈیپنڈینٹ‘ کے مطابق پولینڈ، سویڈن اور چیک ریپبلک نے آئندہ ورلڈ کپ کے کوالیفائر پلے آف میں روس کا سامنا کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ، ویلز اور جمہوریہ آئرلینڈ نے روس کے ساتھ کسی بھی سطح کا کھیل کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔

فارمولا ون نے اس سیزن میں روسی گراں پری کو منسوخ کر دیا ہے۔

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی طرف سے یہ مشورہ دینے کیلئے بات کی گئی ہے کہ کسی بھی روسی یا بیلا روسی فرد کو ان تقریبات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔ حتیٰ کے پہلے سے ترتیب دی گئی تقریبات میں بھی شرکت سے روک دیا جانا چاہیے۔

دوسری طرف روسی کھلاڑیوں کی ایک بڑی تعداد جنگ روکنے کا مطالبہ کر رہی ہے اور یوکرین پر روسی حملے کی مذمت کر رہی ہے۔ اولمپک کمیٹی نے روسی کھلاڑیوں کے امن اور جنگ بندی کے مطالبات کی حمایت اور تعریف بھی کی ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts