خبریں/تبصرے

وزیر اعظم عمران خان کی میڈیا مہم: آخری مہینوں میں 2 ارب کے اخراجات

لاہور (جدوجہدرپورٹ) سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنی حکومت کی کارکردگی کو اجاگر کرنے کیلئے اپنے آخری دنوں میں ’ہنگامی اخراجات‘ کے تحت 2 ارب روپے خرچ کئے۔

نجی ٹی وی’سما‘ کے رپورٹر ذوالفقار مہتو کے مطابق عمران خان نے حکومتی کارکردگی کو اجاگر کرنے کیلئے یہ رقم خرچ کرنے کا فیصلہ اس وقت کیا، جب انہیں احساس ہوا کہ وہ اس عہدے پر نہیں رہیں گے۔ یہ وہ وقت تھا جب تحریک عدم اعتماد سے پہلے اتحادیوں نے تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کیا۔

قومی اسمبلی میں جمع کروائی گئی بجٹ دستاویزات سے پتہ چلتا ہے کہ عمران خان نے وزارت اطلاعات کیلئے 2 ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی۔ یہ خطیر رقم سرکاری پروگراموں اور منصوبوں پر ایک جامع میڈیا مہم شروع کرنے کیلئے دی گئی۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو تشہیر کا کام سونپا گیا، انہوں نے رقم کی تقسیم کیلئے ٹی وی چینلوں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی فہرست تیار کی۔ بجٹ دستاویزات میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ یہ رقم ’حکومتی اقدامات، پروگرام اور منصوبوں پر جامع میڈیا مہم کے آغاز‘ کیلئے منظور کی گئی تھی۔

Roznama Jeddojehad
+ posts