لاہور (جدوجہد رپورٹ) رکن قومی اسمبلی و سربراہ نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی محسن داوڑ نے جنوبی وزیرستان سے منتخب رکن قومی اسمبلی علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر کیلئے سپیکر قومی اسمبلی کو درخواست دے دی ہے۔
محسن داوڑ نے اپنی درخواست میں لکھا کہ قومی اسمبلی کے 44 ویں سیشن کا آغاز 27 جولائی سے ہو رہا ہے۔ عوامی نمائندہ ہونے کے ناطے ہر رکن قومی اسمبلی کا حق ہے کہ وہ سیشن میں اپنے حلقہ انتخاب کی نمائندگی کرے۔ این اے 50 سے منتخب رکن اسمبلی علی وزیر اس وقت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حراست میں ہیں اور ان کا حق ہے کہ وہ اس اسمبلی سیشن میں اپنے حلقہ انتخاب کی نمائندگی کریں۔
درخواست میں لکھا گیا ہے کہ علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے جائیں، تاکہ وہ اسمبلی سیشن میں شرکت کر سکیں۔
اپنی درخواست ٹویٹر پر شیئر کرتے ہوئے محسن داوڑ نے لکھا کہ جنوبی وزیرستان کی صورتحال انتہائی کشیدہ ہے۔ علی وزیر کو اس وقت اپنے حلقہ انتخاب کی نمائندگی کی ضرورت ہے۔ اس لئے ان کا پروڈکشن آرڈر جاری کیا جائے۔