خبریں/تبصرے

تنخواہوں میں اضافے کے مطالبے پر خیبر کیمیکلز کے 102 مزدور برطرف

لاہور (نیاز خان) تنخواہوں میں اضافے کے مطالبے پر کوٹ لکھپت لاہور کے انڈسٹریل ایریا میں واقع خیبر کیمیکلز پرائیویٹ لمیٹڈ نے 16ستمبر کو 102 مزدور نوکری سے نکال دیے۔ برطرف ہونے والے مزدوروں میں 45خواتین مزدور ہیں۔

خیبر کیمیکلز پرائیویٹ لمیٹڈ میں 200سے زائد مزدور کام کرتے ہیں جن میں سے نصف تعداد خواتین کی ہے۔ 14ستمبر کے مزدوروں کے ایک اجلاس میں تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کیا گیا اور انتظامیہ تک پہنچایا گیا۔ ان مزدوروں کو چودہ ہزار ماہانہ تنخواہ مل رہی تھی۔ 16 ستمبر کو جب مزدور فیکٹری پہنچے تو گیٹ پرنوٹس موجود تھا جس کے مطابق مزدوروں کو بے دخل کر دیا گیا تھا۔

اس غیر قانونی، ظالمانہ اور آمرانہ فیصلے کے خلاف مزدوروں نے دھرنا دیا۔ 17 ستمبر کو مزدوروں نے لیبر ڈیپارٹمنٹ میں شکایت درج کرائی۔ اگلے روز انتظامیہ اور لیبر ڈیپارٹمنٹ کے مابین مذاکرات ہوئے۔ بظاہر انتظامیہ نے یہ مطالبات مان لئے کہ مزدوروں کے بقایا جات کے علاوہ سولہ دن کے نوٹس پیریڈ کے واجبات بھی ادا کئے جائیں گے لیکن جب مزدور اپنے واجبات لینے پہنچے تو انتظامیہ نے واجبات ادا نہیں کئے یا مکمل واجبات دینے سے انکار کر دیا۔

19ستمبر کو انتظامیہ کی اس بدعہدی کے خلاف لیبر ڈیپارٹمنٹ کے باہر مظاہرہ ہوا جس کے بعد انتظامیہ نے لیبر ڈیپارٹمنٹ کو بتایا کہ واجبات کے حوالے سے تمام مطالبات مان لئے جائیں گے البتہ مزدوروں کو بحال نہیں کیا گیا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس سال جولائی سے کم از کم تنخواہ 17500 روپے ہے۔ انتظامیہ سے معاہدے کے مطابق بقایا جات اسی تناسب سے ادا کئے جائیں گے۔ اب فیکٹری میں بھی کم از کم تنخواہ کا اطلاق ہو گا۔ اس جدوجہد نے ایک مرتبہ پھرثابت کیا ہے کہ اس سرمایہ دارانہ نظام میں بغیر مزاحمت کئے مزدور اپنا حق نہیں لے سکتے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts