نقطہ نظر

غربت اور عورتوں کی حالت زار آج کے اہم مسائل ہیں: فرزانہ راجہ

قیصرعباس

(ڈیلس، ٹیکساس)بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام(BISP) کی سابق چئیرفرزانہ ر ا جہ نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی غربت اور عورتوں کی حالت زار آج ملک کے اہم مسائل ہیں۔ان کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی ادارے پاکستان میں غربت کے خاتمے اور عورتوں کی فلاح کے پروگرام BISPکوسماجی کاوشوں کا ایک شفاف پروگرام قرار دیتے ہیں کیوں کہ اس کامیاب پروگرام کے فوائد اب عام لوگوں تک پہنچ رہے ہیں۔

ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ کے زیر اہتمام امریکہ کے شہر ڈیلس کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہBISP ایک غیر سیاسی پروگرام ہے جسے سیاسی رسہ کشی کا حصہ نہیں بنانا چاہیے۔”غربت کا خاتمہ اور خواتین کی سماجی بہبود“ کے عنوان پر ہونے والی اس تقریب میں سیاسی نمائندوں، سماجی کارکنوں اور شہر کی جنوبی ایشیائی کمیونٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

فرزانہ راجہ کے مطابق’انٹرنیشنل مانیٹری ٖفنڈ(ائی ایم ایف) اور دیگرمالیاتی ادارے پروگرام سے حاصل ہونے والے مثبت نتائج کو اہم پیش رفت کے طور پر دیکھتے ہیں۔ہیلری کلنٹن نے، جو اس وقت سیکرٹری آف اسٹیٹ تھیں،پروگرام کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے بڑے پیمانے پراس کی فنڈنگ بھی کی۔

پروگرام کے ابتدائی مراحل کے بارے میں انہوں نے کہا کہ”منصوبہ سازی کے دوران مجھے اندرونی اور بیرونی مشکلات کا سامنا کرناپڑا مگرمیں نے کبھی ہمت نہیں ہار ی اورنتیجے کے طور پرملک میں آج سماجی بہبود کا ایک مثالی پروگرام کام کررہاہے“۔ انہوں نے پروگرام کو ایک ایسی کامیاب کوشش قراردیا جس کی مثال ماضی میں نظر نہیں آتی۔

پروگرام کے مستقبل کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ لوگوں میں مزید اعتماد کے لئے بین الاقوامی اداروں اور تجارتی کمپنیوں سے تعاون کوبڑھانا ہوگا اور سرکاری کٹوتیوں کے ذریعے عام لوگوں کے مسائل کم کرنا ہوں گے۔

ٹیکساس اسٹیٹ اسمبلی کی رکن ٹیری میزا نے فرزانہ را جہ کی سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں پرچم اورریاستی سندپیش کی۔عورتوں کے حقوق کی تنظیمGendercide Awareness Project کی صدر بیورلی ہل نے بھی تقریب میں عورتوں کے حقوق اور صحت کے مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

تقریب میں ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ کے صدر امیر مکھانی نے فرزانہ راجہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آج کا پروگرام پاکستان میں ایک اہم سماجی مسئلے پر ہے جس کی افادیت آج کل کے حالات میں اور بھی بڑھ چکی ہے۔تنظیم کے سیکرٹری سید فیاض حسن نے کہاکہ خواتین پاکستان کی آبادی کیا نصف حصہ ہیں لیکن ان کی سماجی حیثیت انتہائی کم تر ہے:”انہیں سنگین مسائل درپیش ہیں جن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے“۔تنظیم کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ارکان توصیف کمال، راجہ زاہد خانزادہ،آفتاب صدیقی اور راجہ مظفر بھی تقریب کا حصہ تھے۔

Qaisar Abbas
+ posts

ڈاکٹر قیصر عباس روزنامہ جدو جہد کے مدیر اعلیٰ ہیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے صحافت کرنے کے بعد پی ٹی وی کے نیوز پروڈیوسر رہے۔ جنرل ضیا الحق کے دور میں امریکہ منتقل ہوئے اور وہیں پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کی۔ امریکہ کی کئی یونیورسٹیوں میں پروفیسر، اسسٹنٹ ڈین اور ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں اور آج کل سدرن میتھوڈسٹ یونیورسٹی میں ہیومن رائٹس پروگرام کے ایڈوائزر ہیں۔ وہ ’From Terrorism to Television‘ کے عنوان سے ایک کتاب کے معاون مدیر ہیں جسے معروف عالمی پبلشر روٹلج نے شائع کیا۔ میڈیا، ادبیات اور جنوبی ایشیا کے موضوعات پر ان کے مقالے اور بک چیپٹرز شائع ہوتے رہتے ہیں۔