خبریں/تبصرے

محنت کشوں کا عالمی دن: پاکستان اور زیر انتظام علاقوں میں ریلیاں اور جلسے

لاہور(جدوجہد رپورٹ) محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر یکم مئی کو دنیا بھر کی طرح پاکستان کے چاروں صوبوں اور زیر انتظام علاقوں جموں کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی ٹریڈ یونینوں اور محنت کشوں کی نمائندہ تنظیموں اور بائیں بازو کی تنظیموں کے زیر اہتمام احتجاجی ریلیاں، جلسے اور جلوس منعقد کئے گئے۔ ملک بھر میں مظاہرین نے آئی ایم ایف کی سامراجی اور مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا اور غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینی محنت کشوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔

مختلف شعبہ جات میں کام کرنے والے محنت کشوں کی ورکرز یونینوں، سی بی ایز، ورکرز ایکشن کمیٹیوں کے زیر اہتمام احتجاجی پروگرامات منعقد کئے گئے۔ پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کیمپین (پی ٹی یو ڈی سی) اور آر ایس ایف کے زیر اہتمام 30سے زائد شہروں میں احتجاجی پروگرامات، جلسے اور سیمینار منعقد کئے گئے۔

بلوچستان میں ورکرز یونینوں کے علاوہ پی ٹی یو ڈی سی، بی این ٹی اور آر ایس ایف کے زیر اہتمام پروگرامات کا انعقاد کیا گیا۔ کراچی میں نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن، ہوم بیسڈ ورکرز فیڈریشن کے زیر اہتمام احتجاجی ریلیاں اور جلسے، جلوس منعقد کئے گئے۔

پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر میں پی ڈبلیو ڈی ورکرز یونین، جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کیمپین اور پیپلز ریوولوشنری فرنٹ(پی آر ایف) کے زیر اہتمام احتجاجی ریلیاں اور پروگرامات منعقد کئے گئے۔

پی ڈبلیو ڈی ورکرز یونین کے زیر اہتمام پونچھ ڈویژن میں جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا، جس میں این ایس ایف، پی ٹی یو ڈی سی، پی آر ایف کے علاوہ دیگر تنظیموں کے رہنماؤں نے بھی ریلیوں کی شکل میں شرکت کی۔

جے کے این ایس ایف، پی ٹی یو ڈی سی اور پی آر ایف کے زیر اہتمام مظفرآباد، راولاکوٹ، ہجیرہ، باغ، پلندری، علی سوجل، باغ، شوکت آباد، ہولاڑسمیت دیگر مقامات پر احتجاجی ریلیاں اور جلسے منعقد کئے گئے۔

مقررین نے شہدائے شکاگو کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان بھر میں جاری مزدور دشمن پالیسیوں کو ہدف تنقید بنایا اور آئی ایم ایف کی مزدور دشمن پالیسیوں کا خاتمہ کرنے کے ساتھ ساتھ آئی ایم ایف کی مکمل بے دخلی کے مطالبات کو دہرایا گیا۔

احتجاجی ریلیوں میں شریک نوجوانوں اور خواتین کی بڑی تعداد نے فلسطینی محنت کشوں کے ساتھ اظہار یکجہتی پر مبنی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعروں پر مشتمل پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts