خبریں/تبصرے

حکومت کو 72 گھنٹوں کی ڈیڈ لائن: عدم مذاکرات کی صورت ٹیکسٹائل انڈسٹری بند کرنے کا اعلان

فیصل آباد(پ ر) چیئرمین پاکستان لیبر قومی موومنٹ و صدر حقوق خلق پارٹی بابا لطیف انصاری نے آل پاکستان ٹیکسٹائل سائزنگ ایسوسی ایشن کی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کو آئندہ 72گھنٹوں میں صنعتی اور مزدور تنظیموں سے مذاکرات کر کے معاملات حل کرنے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے انڈسٹری بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس کوئی متبادل انتظام نہیں ہے۔ وہ صرف فیکٹریوں کو بند کر کے اپنی کارکردگی دکھانا چاہتے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ آپ ورکرز ایسوسی ایشنز اور مالکان کی ایسوسی ایشنز کے ساتھ بیٹھیں اور سب کے معاملات کو سنتے ہوئے مسائل کے حل کی طرف جائیں۔ مسائل کا حل نکالنا ریاست کی ذمے داری ہوتی ہے۔ ریاست کا کام ہوتا ہے کہ وہ ایسی حکمت عملی بنائے، جس میں روزگار اور کاروبار کا نظام چلتا رہے۔

حکومت و ریاست کچھ بھی حل نکالنے کے لائق نہیں ہے۔ اب ان کی کوشش ہے کہ جو کچھ انڈسٹری چل رہی ہے وہ بھی بند کر دی جائے، کیونکہ بادشاہوں کا حکم ہے۔

انکا کہنا تھا کہ ان پالیسیوں کی وجہ سے جو لوگ روزگار سے محروم ہونگے وہ عوام کا مسئلہ ہے، اس سے ریاستی و حکومتی اشرافیہ کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ بھوک اور بیروزگاری ان کا مسئلہ ہی نہیں ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts