شاعری

اپنے بے نام اندھیروں کو سنبھالے رکھوں

قیصرعباس

اپنے بے نام اندھیروں کوسنبھالے رکھوں
میں نکل جاؤں تواس گھر پہ بھی تالے رکھوں

روشنی کچھ تو میسر ہو درِ ز نداں میں
دل میں بھولی ہوئی یادوں کے اجالے رکھوں

توڑ ڈالوں میں سسکتی ہوئی ظلمت کا غرور
ہاتھ پر ڈوبتے سورج کو اچھالے رکھوں

جب تری ذات کا محتاج نہیں میرا وجود
اپنی تکمیل کو کیوں تیرے حوالے رکھوں

میں نے بخشاہے تجھے تیری بڑائی کا وقار
روٹھ جاؤں تو کوئی اور خدا لے رکھوں

خاک بن کربھی رہوں اپنی مسافت کا غبار
میں کہ مرنے کے بھی انداز نرالے رکھوں

Qaisar Abbas
+ posts

ڈاکٹر قیصر عباس روزنامہ جدو جہد کے مدیر اعلیٰ ہیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے صحافت کرنے کے بعد پی ٹی وی کے نیوز پروڈیوسر رہے۔ جنرل ضیا الحق کے دور میں امریکہ منتقل ہوئے اور وہیں پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کی۔ امریکہ کی کئی یونیورسٹیوں میں پروفیسر، اسسٹنٹ ڈین اور ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں اور آج کل سدرن میتھوڈسٹ یونیورسٹی میں ہیومن رائٹس پروگرام کے ایڈوائزر ہیں۔ وہ ’From Terrorism to Television‘ کے عنوان سے ایک کتاب کے معاون مدیر ہیں جسے معروف عالمی پبلشر روٹلج نے شائع کیا۔ میڈیا، ادبیات اور جنوبی ایشیا کے موضوعات پر ان کے مقالے اور بک چیپٹرز شائع ہوتے رہتے ہیں۔