لاہور (جدوجہد رپورٹ) وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ کا کہنا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی کا فرض ہے کہ علی وزیر کا پروڈکشن آرڈر جاری کریں۔ علی وزیر اپنے حلقہ کی نمائندگی کر رہے ہیں، وہ جو بھی ہوں انہیں لوگوں نے منتخب کیا ہے۔
’ڈان‘ ٹی وی کے ایک ٹاک شو میں گفتگو کے دوران انکا کہنا تھا کہ علی وزیر کی فائل سامنے آئے تو ہی پتہ چلے کہ ان کے معاملے میں اتنی جھجھک کیوں ہے۔ تاہم وہ پہلے بھی سیشن میں آئے تھے، بجٹ سیشن میں بھی جب ووٹنگ کی ضرورت ہوئی تو وہ آئیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ سپیکر قومی اسمبلی کی کرسی بہت بڑی ہے، لیکن بیٹھنے والوں میں اخلاقی جرأت نہیں ہے۔
یاد رہے کہ رکن قومی اسمبلی علی وزیر کا پروڈکشن آرڈر جاری ہونے کے باوجود انہیں بجٹ سیشن میں شرکت نہیں کرنے دی گئی ہے۔ انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا، پھر وہاں سے واپس جیل بھیج دیا گیا ہے۔
ان کی درخواست ضمانت پر سماعت بھی 28 جون کو ہونا تھی، جو بوجوہ ایک مرتبہ پھر ملتوی کر دی گئی ہے۔ یوں علی وزیر کو گرفتار ہوئے ڈیڑھ سال کا عرصہ گزر چکا ہے، سپریم کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ سے ضمانت کے باوجود وہ ابھی تک کراچی جیل میں ہیں۔