خبریں/تبصرے

فن لینڈ اور سویڈن کو نیٹو شمولیت کی صورت پوٹن کی دھمکی

لاہور (جدوجہد رپورٹ) نیٹو کی جانب سے فن لینڈ اور سویڈن کو باضابطہ طور پر نیٹو میں شمولیت کی دعوت دے دی گئی ہے۔ دوسری جانب نیٹو کے دستے اور انفراسٹرکچر سویڈن اور فن لینڈ میں تعینات کئے جانے پر روسی صدر نے بھی جواب دینے کی دھمکی دی ہے۔

’ڈیموکریسی ناؤ‘ کے مطابق نیٹو کے سربراہی اجلاس کے آخری دن جہاں روس کو ایک بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے یوکرین کی فوج کیلئے مزید تعاون کا وعدہ کیا گیا ہے، وہیں نیٹو نے فن لینڈ اور سویڈن کو بھی اتحاد میں باضابطہ شمولیت کی دعوت دے دی ہے۔

یہ دعوت اس وقت دی گئی ہے جب ترکی نے اس اقدام پر اپنا اعتراض ختم کر دیا ہے۔ ترکی فن لینڈ اور سویڈن کے نیٹو اتحاد کا مخالف تھا۔ تاہم جب بائیڈن انتظامیہ نے ترکی کو ایف سولہ لڑاکا طیارے فروخت کرنے کی حمایت کا اعلان کیا، تو ترکی نے بھی فن لینڈ اور سویڈن کے نیٹو اتحاد میں شامل ہونے پر اپنے اعتراض سے دستبرداری اختیار کر لی۔

دوسری جانب روسی صدر ولادی میر پوٹن نے نیٹو کو فن لینڈ اور سویڈن میں فوج یا ہتھیاروں کی تعینات کیخلاف خبردار کیا ہے۔

صدر پوٹن کا کہنا تھا کہ ”فن لینڈ اور سویڈن کے نیٹو کے رکن بننے کے حوالے سے ہمیں فکر مند ہونے والی کوئی چیز نہیں ہے۔ اگر وہ چاہیں تو آگے بڑھیں، لیکن انہیں واضح طور پر سمجھنا چاہیے کہ انہیں اس سے پہلے کسی قسم کی دھمکیوں کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ اب اگر نیٹو کے دستے اور انفراسٹرکچر تعینات کیا جاتا ہے، تو ہم اس کا جواب دینے پر مجبور ہونگے۔“

Roznama Jeddojehad
+ posts