فورتھ انٹرنیشنل بیورو
دو سال پہلے جولائی 2022 میں بیورو آف دی فورتھ انٹرنیشنل نے یوکرین کے بارے میں امریکہ میں قائم گروپ’سوشلسٹ ایکشن‘کے موقف سے اختلاف کا اظہار کرنے کے لیے ایک عوامی بیان دیا۔
فورتھ انٹرنیشنل کے ساتھ ’برادرانہ تعلقات‘ رکھنے والے ’سوشلسٹ ایکشن‘کا موقف نہ صرف بنیادی سطح پر فورتھ انٹرنیشنل کے موقف سے متصادم ہے، بلکہ یہ یکجہتی کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے۔
فورتھ انٹرنیشنل کے اندر اس حوالے سے بحث جاری ہے کہ یوکرین کی جنگ کے جواب میں سوشلسٹوں کو کیا موقف اختیار کرنا چاہئے اور کیا اقداماٹ اٹھانے چاہئیں۔فورتھ انٹرنیشنل کے کامریڈز اور تنظیموں کے درمیان مختلف موقف ہیں کہ جنگ کی مخالفت کیسے کی جائے اور سوشلسٹوں کے لیے مختلف تناظر میں کیا اہداف ہیں۔ ہمارے ہر موقف میں مشترک بات ہے: تمام سامراجوں کو مسترد کرنا۔
اس طرح فورتھ انٹرنیشنل تمام سامراجی بلاکس کی مخالفت کرتی ہے اور نیٹو اور روس کی قیادت میں CSTO کی توسیع پسندی اور مداخلتوں کی مخالفت کرتی ہے۔ سامراجیت اور توسیع پسندی کے خلاف ہماری مخالفت کا نتیجہ بنیادی پوزیشنز کی صورت میں نکلتا ہے جو درج ذیل ہیں:
٭ روسی حملے کی مذمت اور روسی فوجوں کے یوکرین سے نکل جانے کا مطالبہ
٭ یوکرین کے حق خود ارادیت کو تسلیم کرنا
٭ روسی جنگ مخالف کارکنوں کے ساتھ یکجہتی
جو کچھ بیورو نے جولائی 2022میں لکھا تھا، وہی اصول ’سوشلسٹ ایکشن‘سے متصادم ہیں۔’سوشلسٹ ایکشن‘روسی حملے کو مسترد نہیں کرتا اور نہ ہی یہ روسی جنگ مخالف کارکنوں کی حمایت کا اعلان کرتا ہے۔ان کے بیانات یوکرین کی تاریخ کا ایک مسخ شدہ ورژن پیش کرتے ہیں۔
’سوشلسٹ ایکشن‘ ہمارے کامریڈز کی جانب سے دئے گئے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرتے ہوئے،یوکرین جنگ بارے ان کے تجزئیے کی بات نہیں کرتا۔ ’سوشلسٹ ایکشن‘صرف فرضی سوشلسٹ یوکرین کی آزادی کا مطالبہ کر کے یوکرین کے حق خودارادیت پر مبہم انداز میں موقف پیش کرتا ہے۔ ’سوشلسٹ ایکشن‘یونائیٹڈ نیشنل اینٹی وار کولیشن کا حصہ ہے جس نے اسی طرح کے بیانات جاری کیے ہیں۔مثلاً ان بیانات میں روسی حملے کو مسترد نہیں کیا گیا، یوکرین کے حق خود ارادیت کو تسلیم نہیں کیا گیا،اور روسی جنگ مخالف کارکنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے سے انکار کیا گیا ہے۔
جولائی 2022 کے بیان کے بعد سے یوکرین میں جنگ بڑھ گئی ہے۔ ماسکو نے یوکرائنی سرزمین کے کچھ حصوں کا راوس کے ساتھ الحاق کا اعلان کیا ہے اور اپنی جارحیت کی تجدید کی ہے۔ فورتھ انٹرنیشنل کے کامریڈز اور تنظیمیں یوکرائنی عوام اور خاص طور پر یوکرائنی محنت کش طبقے کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مختلف ممالک میں سرگرم ہیں۔ یہ کام یوکرین کی تنظیم Sotsialnyi Rukhکے تعاون سے کیا جاتا ہے جس نے 2024 میں فورتھ انٹرنیشنل میں مستقل مبصر کے طور پر شمولیت اختیار کی۔
تاہم’سوشلسٹ ایکشن‘ایسے موقف اپنانے پر بضد ہے جو فورتھ انٹرنیشنل کے بنیادی اصولوں سے متصادم ہیں۔ 28 فروری 2024 کا ایک مضمون پر ’جیف میکلر، نیشنل سیکرٹری، سوشلسٹ ایکشن‘ نے دستخط کیے ہیں۔مذکورہ مضمون میں، واضح طور پر یوکرین پر روسی حملے کی حمایت کی گئی ہے اور روسی حملے کو روسی بولنے والے یوکرینیوں کے لیے’امداد‘ قرار دیا گیا ہے۔ کے طور پر بیان کیا ہے۔ ’سوشلسٹ ایکشن‘نے واضح کیا ہے کہ اس کا یوکرین کے حق خود ارادیت کو تسلیم کرنا یوکرین کے ’سوشلسٹ‘ ہونے پر منحصر ہے۔ روسی جنگ مخالفین کے حوالے سے’سوشلسٹ ایکشن‘نے صرف بورس کاگارلٹسکی [جو معروف روسی مارکسسٹ ہیں، اور ان دنوں جیل میں ہیں:مترجم]کے بنیادی جمہوری حقوق کی حمایت کی ہے۔’سوشلسٹ ایکشن‘ اس دوران روس کے جنگ مخالف کارکنوں بشمول فورتھ انٹرنیشنل کامریڈزکے خلاف جبر پر خاموش رہا، اور ان کے ساتھ سیاسی یکجہتی کا اظہار کرنے سے انکار کیا۔
بیورو کی رائے ہے کہ ہماری انٹرنیشنل کے کسی ایسی تنظیم کے ساتھ برادرانہ تعلقات نہیں ہو سکتے جو ہمارے بنیادی اصولوں کو مسترد کرتی ہو۔ یہی وجہ ہے کہ بیورو آئندہ عالمی کانگریس میں تجویز کرے گا کہ فورتھ انٹرنیشنل ’سوشلسٹ ایکشن‘سے اپنے تعلقات منقطع کر لے۔