قیصر عباس
مصوری: زویا زیدی
ہماری سب لکیریں
دائروں میں
گھومتی ہیں
ہمارے سارے رستے
ایک ہی محور
کی جانب
لوٹ آتے ہیں،
صبح دم
اسپ تازہ کی طرح
گھرسے نکل کر دوڑنا
اور دن ڈھلے
آخر اسی مرکزپہ
واپس لوٹ آنا ہی
ہماری زندگی ہے،
ہمیں بس ایک جانب
دیکھنے کا حکم صادر ہے
ہما ری سوچ
بینائی، مقدر
سب ان ہی
رستوں کے قیدی ہیں،
ہمیں معلوم ہے
ان دائروں کے پار بھی
اک اور دنیا ہے
دور تک پھیلا ہوا
اک آسماں ہے
چاند ہے، سورج ہے
تارے ہیں
مگر ہم کو
ہمارے دائروں
کی ان لکیروں سے
نکلنے کی اجازت ہی
نہیں ہے،
ہماری سب لکیر یں
دائروں میں
گھومتی ہیں۔
Qaisar Abbas
ڈاکٹر قیصر عباس روزنامہ جدو جہد کے مدیر اعلیٰ ہیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے صحافت کرنے کے بعد پی ٹی وی کے نیوز پروڈیوسر رہے۔ جنرل ضیا الحق کے دور میں امریکہ منتقل ہوئے اور وہیں پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کی۔ امریکہ کی کئی یونیورسٹیوں میں پروفیسر، اسسٹنٹ ڈین اور ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں اور آج کل سدرن میتھوڈسٹ یونیورسٹی میں ہیومن رائٹس پروگرام کے ایڈوائزر ہیں۔ وہ ’From Terrorism to Television‘ کے عنوان سے ایک کتاب کے معاون مدیر ہیں جسے معروف عالمی پبلشر روٹلج نے شائع کیا۔ میڈیا، ادبیات اور جنوبی ایشیا کے موضوعات پر ان کے مقالے اور بک چیپٹرز شائع ہوتے رہتے ہیں۔