لاہور (جدوجہد رپورٹ) افغانستان کے صوبہ جلال آباد میں پاکستانی قونصل جنرل عباد اللہ اور ان کے ڈرائیور کو طالبان کی جانب سے زد و کوب کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔ کابل سے طالبان کا ایک وفداس واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے۔
افغان صحافی بلال سروری نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پرجلال آباد کے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ طالبان جلال آباد چیمبر اینڈ کامرس کے سربراہ گل مراد عرب کو جعلی پاسپورٹ فروخت کرنے کے الزام میں تشدد کا نشانہ بنا رہے تھے۔
انہوں نے لکھا کہ جب گل مراد عرب کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اس وقت وہ پاکستانی قونصل جنرل کے مہمان کے طور پر ان سے ملاقات کرنے کیلئے وہاں موجود تھے، طالبان نے افغان تاجر کے ہمراہ پاکستانی قونصل جنرل اور ان کے ڈرائیور کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔
جلال آباد چیمبر آف کامرس کے سربراہ حاجی گل مراد عرب کو طالبان کی جانب سے جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے گیٹ پر حراست میں لینے اور مارپیٹ کے بعد ان پر پاسپورٹ فروخت کرنے کاالزام عائد کیا ہے۔