خبریں/تبصرے

مبینہ ریاست مخالف پروپیگنڈہ: متعدد صحافیوں کیخلاف مقدمات درج، ایک شخص گرفتار

لاہور(جدوجہدرپورٹ) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے) نے آن لائن مبینہ ریاست مخالف پروپیگنڈے کی وجہ سے راولپنڈی میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایجنسی نے پروپیگنڈہ پھیلانے کے الزام میں متعدد صحافیوں، بلاگرز، سوشل میڈیا کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کئے ہیں۔

’ٹربیون‘ کے مطابق اسلام آباد میں ایف آئی اے کے سائبر کرائم سرکل نے صحافی ہرمیت سنگھ کے خلاف سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس(سابقہ ٹویٹر) پر ریاستی اداروں کے خلاف جھوٹا بیانیہ پھیلانے اور عوامی بدامنی کو ہوا دینے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق ہرمیت سنگھ پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے ایکس پروفائل کو پر پاکستان کے ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کے لیے بدنیتی پر مبنی مواد پھیلانے کے لیے استعمال کیا۔

ایف آئی آر میں 24اور 27نومبر کے درمیان پی ٹی آئی کے واقعات سے متعلق پروپیگنڈے کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔ ہرمیت سنگھ کے خلاف مقدمہ پیکا ایکٹ کی دفعہ9، 10، 11اور 24کے تحت درج کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ505بھی مقدمہ میں شامل کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق دیگر صحافیوں اور بلاگرز کے خلاف اضافی مقدمات درج کیے جا رہے ہیں، تاہم ایف آئی اے کے ترجمان مزید تفصیلات فراہم کرنے سے قاصر ہیں۔

راولپنڈی میں ایف آئی اے سائبرکرائم کے اہلکاروں نے ایک مشتبہ شخص الیاس اعوان کو گرفتار کیا۔ الیاس اعوان پر الزام ہے کہ وہ مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر پاکستان کے فوجی اور ریاستی اداروں کے خلاف غلط معلومات پھیلانے میں ملوث تھا۔

الیاس اعوان کو چھاپے کے بعد حراست میں لیا گیا۔ موبائل فون اور دیگر شواہد بھی قبضے میں لے لیے گئے۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ اعوان کی سرگرمیوں کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، اور اسی طرح کی پروپیگنڈہ کوششوں میں ملوث دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts