2022ء میں شروع ہونے والی یوکرائن جنگ سامراجی کشیدگی کا مرکز (Epicenter) تھی۔ دو سال بعد آج یہ لڑائی تعطل کا شکار ہو چکی ہے۔ یوکرائنی دارالحکومت کیؤ پر قبضہ کرنے اور وہاں ایک کٹھ پتلی حکومت قائم کرنے کے ابتدائی منصوبے میں ناکامی کے بعد پیوٹن روس کی سرحد سے متصل یوکرائن کے 20 فیصد علاقے پر اپنی گرفت مضبوط کرنے میں مصروف ہے۔ یوکرائن کی مزاحمت، جو روسی پیش قدمی روکنے میں کامیاب رہی تھی، وقت گزرنے کے ساتھ اب کمزور پڑ رہی ہے اور زیلنسکی حکومت کی جانب سے بہت زیادہ تشہیر کردہ جوابی حملے میں بھی کوئی خاص کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔
