آج کرہ ارض کے کم و بیش ہر ایک ملک اور خطے کا محنت کش‘ معاشی اور سماجی حوالے سے عدم تحفظ کا شکار ہے۔ ہر طرف انتشار اور بے یقینی کی کیفیت ہے۔ اس نظام میں مستقبل تاریک نظر آتا ہے۔ حال محض سانسوں کو بحال رکھنے کا سامان ہے اور یہ ”عیاشی“ بھی کسی بیماری کے لاحق ہونے سے پہلے تک میسر ہوتی ہے۔ اس کے بعد تذلیل اور بے بسی کا طویل اور اذیت ناک سفر شروع ہوتا ہے جو موت کے ساتھ ہی انجام کو پہنچتا ہے۔ مشرق وسطیٰ جل رہا ہے۔ لاطینی امریکہ اور افریقہ میں عوامی بغاوتیں سر اٹھا رہی ہیں۔ امریکہ اپنے معاشی زوال کے سفر آغاز کر چکا ہے۔ یورپ میں محنت کشوں کو دستیاب سہولیات پر کٹوتیوں کا سامنا ہے۔ ہڑتالیں اور احتجاج ہیں۔
