خبریں/تبصرے

راولاکوٹ: ایڈہاک ورکرز موومنٹ پونچھ ڈویژن کا کنونشن

راولاکوٹ(نامہ نگار) ایڈہاک ورکرز موومنٹ پونچھ ڈویژن کا کنونشن راولاکوٹ نجی حال میں منعقد ہوا،جس میں پونچھ ڈویژن کے سیکڑوں مرد و خواتین ملازمین کے علاوہ مرکزی کور کمیٹی کے ممبران اور ملازم تنظیموں کے قائدین نے شرکت کی۔

کنونشن کی صدارت سپریم ہیڈ کور کمیٹی راجہ اطہر علی خان نے کی اور کنونشن کے مہمان خصوصی صدر کور کمیٹی راجہ غلام جلانی تھے، جبکہ نظامت کے فرائض التمش تصدق نے ادا کیے۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مقریرن نے کہا ایڈہاک ملازمین بھیک نہیں اپنا حق مانگ رہے ہیں۔آج جب بہت سے ملازمین ریٹائرمنٹ کی عمر کو جا پہنچے ہیں تو ہم سے کہا جا رہا ہے آپ دوبارہ ٹیسٹ انٹرویو دیں،جبکہ اس دوران نصاب تعلیم اور طریقہ امتحان تبدیل ہو چکا ہے۔حکومت نے ملازمین کو 45 دنوں میں مستقلی کا وعدہ کیا تھا،26 دن گررنے کے باجود کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔حکومت نے 45 دنوں کے بعد وعدہ وفا نہ کیا تو ہمارے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہو گا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ تمام ڈویژن کے کنونشن کے بعد 9 نومبر کو ایڈہاک ورکرز مومنٹ کا مرکزی کنونشن مظفرآباد میں ہو گا،جس میں آگے کے لاعمل کا اعلان کیا جائے گا۔ایڈہاک ملازمین کی اگر خلاف قانون تقرریاں کی گئی ہیں تو اس کی سزا حکمرانوں کو دی جائے،جنہوں نے تعیناتی کی ہے نہ کے ملازمین کو جنہوں نے اپنی زندگیاں مختلف محکموں کو دی ہیں۔

مقررین کا کہنا تھا کہ کسی ملازمت کے لیے درکار تعلیمی قابلیت پر پورا اترنے والے تمام افراد اس ملازمت کے اہل ہیں۔ریاست کی ذمہ داری ہے کہ تمام افراد کو روزگار فراہم کرے۔ اپنی نا اہلی کو چھپانے کے لیے ایڈہاک ملازمین کی اہلیت پر سوال اٹھایا جاتا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ ڈیڈ لائن مکمل ہونے تک اگر ملازمین کو مستقل کیا گیا تو اظہار تشکر ریلیاں نکالی جائیں گی۔اگر مطالبات منظور نہ ہوئے تو احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔

کنونشن سے سردار امجد ایس ایس ٹی پونچھ،لالا قیوم صدر تنظیم غیر جریدہ فنی ملازمین، جنرل سیکرٹری فنی ملازمین داؤد رفیق، سابق چیئرمین ایپکا ضلع پونچھ عتیق اسلم،امید وار ضلعی صدر اپیکا ارسلان تاج، فرید مغل، محمد علی قادری، شہاب خان (تنظیم غیر جریدہ)، اعجاز شاہسور، اے ڈی محکمہ صحت محمد سجاد، امتیاز خان صدر اپیکا ضلع پونچھ، راجہ انس صدر ایڈہاک ورکرز موومنٹ پونچھ ڈویژن اور دیگر نے خطاب کیا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts