ساحر لدھیانوی
بڑوں کا راج تو صدیوں سے ہے زمانے میں
کبھی ہوا نہیں دنیا میں راج چھوٹوں کا
اگر ہمیں بھی ملے اختیار اے لوگو
تو ہم دکھائیں تمہیں کام کاج چھوٹوں کا
ملک میں بچوں کی گر سرکار ہو
زندگی اک جشن اک تہوار ہو
حکم دیں ایسے کلینڈر کے لئے
جس میں دو دن بعد اک اتوار ہو
سب کو دیں اسکول جیسا یونیفارم
ایک سی ہر پینٹ ہر شلوار ہو
ہاسٹل تعمیر ہو سب کے لئے
کوئی بھی انساں نہ بے گھر بار ہو
راشٹر بھاشا ہم اشاروں کو بنائیں
دکھن اتر میں نہ پھر تکرار ہو
ہم منسٹر ہوں تو وہ سسٹم بنے
جس میں مفلس ہو نہ ساہوکار ہو
قومی دولت کے خزانے ہوں بھرے
خود ہی لے لے جس کو جو درکار ہو
عید دیوالی سبھی مل کر منائیں
آدمی کو آدمی سے پیار ہو
ملک میں بچوں کی گر سرکار ہو