اوسلو(جدوجہد رپورٹ)ایک تازہ ترین سروے کے مطابق ناروے کی انتہائی دائیں بازو کی جماعت فریم سکریتس پارٹی (ایف آر پی)اس وقت ملک کی سب سے مقبول جماعت بن گئی ہے۔ سروے میں اس جماعت کو 24.2 فیصد حمایت حاصل ہے، جبکہ دائیں بازو ہی کی کنزرویٹو جماعت ہوئرے H کو 20.3 فیصد اور سوشل ڈیموکریٹ جماعت آربائیدرپارٹی (اے پی)کوصرف 17.7 فیصد حمایت حاصل ہے۔
خیال رہے کہ اس وقت آربائیدر پارٹی ایک چھوٹی جماعت سینتر پارٹی (ایس پی)کے ساتھ مل کر حکومت کر رہی ہے۔اس سروے میں ایس پی کو 6.2 فیصد حمایت حاصل ہے۔
ایف آر پی کی راہنما سیلوی لستھاوگ کا کہنا ہے کہ کنزرویٹو جماعت اور حکومتی جماعت سوشل ڈیموکریٹ بہت سے معاملات میں یکساں ہیں۔اس لئے اُن کی جماعت واحد حقیقی متبادل ہے جو لوگوں کو زیادہ آزادی اور تحفظ فراہم کر سکتی ہے۔
اس سروے میں سوشلسٹ پارٹی (ایس وی) کو 8.4 فیصد اور کمیونسٹ پارٹی کو 7.0 فیصد حمایت حاصل ہے۔قومی اسمبلی کے انتخابات اگلے سال 8 ستمبر کو ہونگے۔