لاہور (جدوجہد رپورٹ) پاکستان کے صوبہ پنجاب کا صوبائی دارالحکومت لاہور ہوا کے معیار کی خطرناک سطح کے ساتھ دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔ آلودہ ترین ملکوں میں پاکستان دوسرا آلودہ ترین ملک قرار دیا گیا ہے۔
’ڈان‘ کے مطابق کبھی باغات کا شہرکہلانے والے لاہور کی ہوا کے معیار کی سطح مسلسل خطرناک حد تک گر رہی ہے۔ دنیا بھر میں ہوا کے معیار پر نظر رکھنے والے ادارے کے مطابق صبح کے اوقات میں ہوا کا سب سے خراب معیار دیکھا گیا ہے۔ رپورٹ کے وقت لاہور کی ہوا کے معیار کا انڈیکس 303پوائنٹس کی حد تک خطرناک تھا۔ اے کیو آئی یو ایس 438تھا، جبکہ محفوظ سانس لینے کیلئے اے کیو آئی یو ایس کا کم از کم 50ہونا ضروری ہوتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق لاہور میں فضائی آلودگی گاڑیوں اور صنعتی اخراج، اینٹوں کے بھٹوں کے دھوئیں، فصلوں کی باقیات کو جلانے، عام فضلہ اور تعمیراتی جگہوں سے نکلنے والی گردوغبار کی وجہ سے ہوتی ہے۔ فضائی آلودگی کے دیگر عوامل میں نئی سڑکوں اور عمارتوں کی تعمیر کیلئے درختوں کا بڑے پیمانے پر کٹاؤ بھی شامل ہے۔
لاہور کی سڑکوں پر ٹریفک جام اور گاڑیوں کی تعداد جہاں ایک کھلا راز ہے، وہیں لاہور اور اس کے ارد گرد رئیل اسٹیٹ منصوبہ جات کی مسلسل تعمیرات ایک اور مسئلہ ہے۔ شہر کے اندر ترقیاتی منصوبے، جن میں بنیادی طور پر تعمیرات شامل ہیں، بھی اس مسئلے میں حصہ ڈالتے ہیں۔
عالمی درجہ بندی میں لاہور آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر ہے، بھارتی دارالحکومت دہلی دوسرے، قازقستان کا شہر نورسلطان تیسرے، دبئی چوتھے اور ڈھاکہ پانچویں نمبر پر ہے۔ 2018کے ائیر کوالٹی انڈیکس کی عالمی درجہ بندی میں لاہور 10واں آلودہ ترین شہر تھا۔