لاہور (جدوجہد رپورٹ) آبادی کے لحاظ سے دنیا کے سب سے بڑے مسلم اکثریتی ملک انڈونیشیا نے مسلسل دوسرے سال عوام کیلئے حج کا سفر منسوخ کر دیا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق وزیر مذہبی امور یعقوت چولیل قوماس نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ ”وبائی مرض کے وقت عازمین کی حفاظت کیلئے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی انڈونیشیائی حاجیو ں کو حج پر جانے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔“
ان کا کہنا تھا کہ ”یہ صرف انڈونیشیا ہی نہیں، کسی بھی ملک کو کوٹہ نہیں ملا ہے کیونکہ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط نہیں ہوئے ہیں۔ جن عازمین نے حج فیس ادا کی ہوئی ہے وہ اگلے سال حج پر جائیں گے۔“
یاد رہے کہ سعودی عرب نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے 2020ء میں بیرون ملک مسلمانوں کی حج میں شرکت کو روک دیا تھا۔
سعودی وزارت صحت نے رواں سال مارچ میں کہا تھا کہ وہ ایسے افراد کو اس سال حج میں شرکت کی اجازت دینگے جنہوں نے انسداد کورونا کی ویکسین مکمل کر لی ہو۔ تاہم رائٹرز نیوز ایجنسی نے مئی میں ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ سعودی عرب ایک مرتبہ پھر بیرون ملک سے آنیوالے زائرین پر پابندی لگانے پر غور کر رہا ہے کیونکہ کورونا وائرس کی نئی اقسام کے ظہور کے خدشات ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ سعودی حکام صرف ان سعودی شہریوں کو حج کی اجازت دینگے جنہیں حج سے کم از کم 6 ماہ قبل انسداد کورونا ویکسین لگائی گئی ہو۔