خبریں/تبصرے

فیض امن میلہ 16 فروری کو ہوگا

لاہور (جدوجہد رپورٹ) لاہور میں سالانہ فیض امن میلہ 16 فروری بروزاتوارکو حسبِ سابق اوپن ایئر تھیٹر باغ جناح میں منعقد کیا جائے گا۔ میلے کا آغاز دوپہر  12 بجے ہوگا۔ چار سیشنز پر مشتمل یہ میلہ شام گئے تک جاری رہے گا۔ میلے کا آغاز ایک مباحثے سے ہوگا۔ مباحثے کا عنوان ہے: ”ہم دیکھیں گے“ اور اس کا مقصد ملک میں ترقی پسند سیاست، مزدوروں، کسانوں اور طالب علموں کی جدوجہد پر ایک بیانیہ تشکیل دینا ہے۔

دوسرا سیشن مشاعرہ پر مبنی ہے جس میں معروف شعرااپنا انقلابی کلام پیش کریں گے۔ تیسرے سیشن مین کلاسیکل رقص اور تھیٹر پیش کیا جائے گا۔ آخری سیشن موسیقی پر مشتمل ہو گا۔ اس سیشن میں مختلف گلوکار فیض کے انقلابی کلام کے علاوہ صوفیانہ کلام بھی پیش کریں گے۔

ملک کے معروف پبلشنگ ہاوسز اور بائیں بازو کی مختلف تنظیمیں اپنے سٹا ل بھی لگائیں گی۔ ”روزنامہ جدوجہد“ سے بات کرتے ہوئے فیض امن میلہ کمیٹی کے رکن ناصر اقبال نے کہا کہ اس میلے کے انتظامات اپنی مدد آپ کے تحت ہوتے ہیں اور میلے میں شرکت کے لئے کسی قسم کی فیس یا رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہے۔

فیض امن میلہ کمیٹی میں پچاس کے لگ بھگ سیاسی جماعتیں، صحافی و طلبہ تنظیمیں، این جی اوز اور ٹریڈ یونینز شامل ہیں۔ کمیٹی کی جانب سے بات کرتے ہوئے ناصر اقبال نے اہلِ لاہور سے میلے میں بھر پور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میلے میں ہر سال ہزاروں لوگ شریک ہوتے ہیں اور یہ میلہ لاہور کی ثقافتی پہچان بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پہچان کو برقرار رکھنے کے لئے مسلسل موبلائزیشن کی ضرورت ہے اس لئے خود بھی میلے میں شرکت کریں اور اپنے ساتھیوں کو بھی ساتھ لائیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts