خبریں/تبصرے

راولپنڈی: آل پاکستان ایمپلائز، پنشنرز و لیبر تحریک کے اجلاس کا انعقاد

راولپنڈی (پی ٹی یو ڈی سی/جدوجہد رپورٹ) آل پاکستان ایمپلائز، پنشنرز و لیبر تحریک کا اجلاس اسٹیٹ بنک آف پاکستان یونین آفس، راولپنڈی میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت رہبر تحریک اور آل گورنمنٹ ایمپلائز کوآرڈینیشن کونسل خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر محمد اسلم خان نے کی جبکہ کثیر تعداد میں ممبر تنظیموں کے قائدین اورراولپنڈی و اسلام آباد کےریجنل کوآرڈینیٹرز نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کی میزبانی کے فرائض محمد افضل خٹک، صدر پاکستان پراگریسیو یونین سی بی اے (اسٹیٹ بنک آف پاکستان) نے ادا کئے۔ اس موقع پرشریک تمام یونینز کی مرکزی اور قیادت کی جانب سے افضل خٹک کی زیر قیادت سٹیٹ بنک کے ملازمین کا تاریخی چارٹر آف ڈیمانڈ کی منطوری پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ساتھ ہی ریل مزدور اتحاد کی اپنے تین نکاتی مطالبات کے لئےتحریک کی شاندار کامیابی پر ریل مزدور اتحاد کے مرکزی رہنما راجہ عمران کے ذریعے ریلوے یونینز کی مرکزی قیادت کو مبارکباد کے پیغامات بھجوائے گئے۔ اجلاس میں خورشید احمد، مرکزی جنرل سیکرٹری واپڈا ہائیڈرویونین کی جانب سے تحریک کی حمایت کا خیر مقدم کیا گیا۔


اجلاس میں ممبر تنظیموں کے قائدین کی جانب سے آل پاکستان ایمپلائز، پنشنرز و لیبر تحریک کے 14 ستمبر 2020 کو پشاور اور 14اکتوبر 2020 کو اسلام آباد میں احتجاجی مظاہروں میں بھرپورشرکت کا اعادہ کیا گیا، جبکہ تحریک اور احتجاجی شیڈول بھرپور طریقے سے کامیاب بنانے کیلئے ریجنل کوآرڈینیٹرز کے ارکان میں اضافہ کرنے کی تجاویز دی گئیں۔ تمام یونینز نے مشترکہ طور پر آئی ایم ایف اور سرمایہ داری کے خلاف جدوجہد کو مزید تیز کرنے کے عزم کا عیادہ کیا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts