خبریں/تبصرے

دنیا بھر میں نصف ارب لوگ بیروزگار

لاہور (جدوجہد رپورٹ) انٹرنیشنل لیبر فیڈریشن (آئی ایل او) کے مطابق دنیا بھر میں نصف ارب لوگ یا تو بے روزگار ہیں یا نیم بے روز گار ہیں۔ آئی ایل او نے یہ اعداد و شمار اپنی ایک نئی رپورٹ میں پیش کئے ہیں جو پیر کے روز ایک ایسے موقع پر جاری کی گئی ہے کہ جب ڈیووس میں اکیس تا چوپیس جنوری ”ورلڈ اکنامک فورم“ کا اجلاس ہو رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں 5.7 ارب لوگ کام کرنے کی عمر میں ہیں اور عالمی سطح پر پچھلی ایک دہائی سے بے روزگاری کی شرح نیچے نہیں گئی اوربڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے اس میں مزیداضافہ ہو گا کیونکہ نئی نوکریاں پیدا نہیں ہو رہیں۔

ادھر، نوکری کرنے والے اتنی کم تنخواہ پر نوکری کر رہے ہیں کہ وہ نوکری کے باوجود غربت کی سطح سے نیچے رہ رہے ہیں۔ کم از کم 630 ملین مزدور یا یوں کہہ لیجئے ہر دس میں سے چار مزدور تین ڈالر یومیہ سے کم کما رہے ہیں۔ آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل گائے رائڈر کا کہنا ہے، ”عام لوگوں کے لئے نوکری کے ذریعے اچھی زندگی گزارنا مشکل ہوتا جا رہا ہے“۔

Roznama Jeddojehad
+ posts