پاکستان

عارف وزیر کا قتل: جدوجہد جاری رہے گی!

شیر وزیر

یکم مئی بروز جمعہ کو، پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنما عارف وزیر کو وزیرستان کے شہر وانا میں ان کے گھر کے قریب’نامعلوم‘ حملہ آوروں نے تین گولیاں ماریں۔ وہ شدید زخمی ہوگئے اور انہیں مقامی ہسپتال پہنچایا گیا تھا۔ جس کے بعد انہیں ڈیرہ اسماعیل خان اور بہتر علاج کے لئے اسلام آباد کے پمز اسپتال منتقل کردیا گیا۔ بدقسمتی سے، اگلے روز ہفتے کو وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ عارف وزیر کا تعلق وانا وزیرستان کے قبیلے احمد زئی وزیر سے تھا۔ وہ کامریڈ علی وزیر کے چچا زاد بھائی تھے، جو پشتون تحفظ موومنٹ کے مرکزی رہنما اور پاکستانی پارلیمنٹ کے مارکسی ممبر ہیں۔

ذرائع کے مطابق، عارف ان دہشت گردوں کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے اپنے خاندان کے 18 ویں رکن تھے جو مقامی طور پر ’اچھے طالبان‘ کے نام سے جانے جاتے ہیں۔ 2007ء میں، ان کے اہل خانہ کے سات افراد، جن میں ان کے والد سعد اللہ جان اور اس کے چچا مرزا عالم (ایم این اے علی وزیر کے والد) شامل تھے، طالبان دہشت گردوں کے ساتھ ایک جھڑپ میں مارے گئے تھے۔ اپریل 2017ء میں عارف وزیر کو وانا وزیرستان میں انٹرنیٹ خدمات کی عدم فراہمی کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔

جب پی ٹی ایم جنوری 2018ء میں قبائلی علاقوں میں برسوں کی فوجی کارروائیوں اور اس کے نتیجے میں ہونے والے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی، تو عارف وزیر نے پی ٹی ایم کی مکمل حمایت کی۔ مارچ 2018ء کو وانا میں ایک ریلی میں انہوں نے کہا، ”قبائلی پشتونوں نے فوج کو دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے کے قابل بنانے کے لئے گھروں کو ترک کردیا، لیکن اب قبائلیوں کو فوجی چیک پوسٹوں پر صرف اجنبی سمجھا جاتا ہے اور انہیں مکانات اور پراپرٹی رکھنے کی بھی اجازت نہیں ہے۔ “ اس کے بعد فرنٹیئر کرائمز ریگولیشنز (ایف سی آر) کے تحت ریلی کے انعقاد کے الزام میں عارف وزیر گرفتار کر لیا گیا۔ 3 جون 2018ء کو طالبان گروپوں نے وانا میں علی وزیر، عارف وزیر اور پی ٹی ایم کے حامیوں پر حملہ کیا جس میں عارف وزیر اور پی ٹی ایم کے دیگر ساتھی زخمی ہوئے۔

فاٹا (وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں) کے ہمسایہ صوبہ خیبر پختونخوا میں ضم ہونے کے بعد، صوبائی اسمبلی کے انتخابات کا اعلان کردیا گیا۔ عارف وزیر نے حلقہ کے پی 114 سے بھی الیکشن لڑا۔ تاہم، پولنگ سے ایک ماہ قبل انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا جس کی وجہ سے وہ اپنی انتخابی مہم صحیح طریقے سے نہیں چلاسکے تھے۔ بعد ازاں انہیں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حکم پر رہا کیا گیا۔ اس طرح کی رکاوٹوں کے باوجود عارف وزیر نے پی ٹی آئی کے امیدوار نصیر اللہ وزیر کے 11114 کے خلاف 10272 ووٹ حاصل کیے۔

جب سے پی ٹی ایم کا ظہور پذیر ہوا ہے، عارف وزیر کو باقاعدگی سے گرفتار اور سلاخوں کے پیچھے دھکیلا جاتا رہا ہے۔ اس طرح پچھلے دو سالوں میں انہوں نے اپنی زندگی کے 15 ماہ مختلف جیلوں میں گزارے۔ وہ علی وزیر، محسن داوڑ اور منظور پشتین کے ہمراہ تحریک کے سب سے قابل قائد اور رہنما بن گئے تھے۔ اس تحریک نے فاٹا کے علاقے میں ہونے والے نام نہاد آپریشنوں کی حقیقتوں کو بے نقاب کیا اور یہ عیاں کیا کہ برسوں کی کارروائیوں کے پیچھے اصل مقصد دہشت گردوں اور طالبان کا خاتمہ نہیں تھا بلکہ بدمعاش اور باغی طالبان دھڑوں کو ختم کرنا اور ان کی جگہ ’اچھے طالبان‘ کو نصب کرنا تھا۔ کیونکہ پاکستان میں عسکریت پسند گروہوں کی پرورش کی ایک طویل تاریخ اور تذویراتی اہداف ہیں۔ ہزاروں بے گناہ افراد مارے گئے، بے گھر ہوئے اور ان کی املاک کو لوٹ گیا اور تباہ کردیاگیا۔ سکیورٹی فورسز کی چوکیوں پر لوگوں کو مستقل طور پر ہراساں اور ذلیل کیا گیا۔ ”صاف“ (باغی دہشت گردوں سے پاک) کو ریاست نواز طالبان عسکریت پسندوں کے حوالے کردیا گیا، جنہوں نے علی وزیر اور اس کے ساتھیوں اور اس علاقے میں دہشت گردی کی سرگرمیوں کو للکارنے والے ہر شخص پر بے رحمی سے حملے کئے۔

پی ٹی ایم کا عروج پاکستان میں گہری قومی اور نسلی محرومیوں اور استحصال کا مظہر ہے۔ اگرچہ اس تحریک کے مطالبات ’زبردستی غائب کئے گئے‘ لوگوں کو بازیاب کر کے عدالتوں کے سامنے پیش کرنے، تباہ شدہ املاک کا معاوضہ ادا کرنے اور چوکیوں پر ہراساں کرنے اور تذلیل کرنے کا عمل روکنے تک محدود رہے، لیکن اس تحریک کی ہوا کہیں زیادہ آگے تک پھیل گئی ہے۔ پی ٹی ایم کی وجہ سے پشتون معاشرے کے بڑے حصوں بالخصوص پشتون نوجوانوں کو ایک تحریک ملی ہے۔

اس تحریک نے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر ریلیاں منعقد کیں، جنہوں نے ہزاروں نوجوانوں کو اپنی طرف متوجہ کیا۔ اس کی بازگشت روایتی پشتونوں سے بہت آگے نکل گئی اور اس نے دیگر مظلوم قومیتوں، مزدور طبقات اور دیگر نسلوں اور قومیتوں سے تعلق رکھنے والے انقلابی نوجوانوں کو اپنی طرف راغب کیا۔ ریاست کی بالائی پرتیں تحریک کو وسعت پکڑتا دیکھ کر گھبراہٹ کا شکار ہو گئیں۔ ریاست نے اس تحریک کے خلاف غیر ملکی طاقتوں کے ایجنٹوں کے لیبل لگانے سے لے کر دہشت گردوں کے ہمدردوں کا الزام لگانے تک ہر طرح کی بہتان تراشیوں کا سہارا لیا۔ ان سبھی کوششوں کے باوجود اس تحریک نے ملک بھر میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد کو طاقت بخشی۔

لیکن تحریکیں غیر معینہ مدت تک جاری نہیں رہ سکتیں۔ واضح اور قابل عمل پروگرام کے بغیرتحریک کے حامی اور کارکن بکھرنا شروع ہو جاتے ہیں۔ تحریک زور و شور سے شروع ہوتی ہے۔ حکمران طبقات ابتدائی جھٹکے سے پیچھے ہٹتے ہیں اورپھر بھرپورجوابی حملہ کرتے ہیں۔ گزشتہ سال پی ٹی ایم کے ایک ممتاز رہنما ارمان لونی کو مقامی پولیس سے جھڑپ کے دوران، لورالائی بلوچستان کے مقام پر ہلاک کیا گیا تھا۔ تحریک کے دونوں ارکان پارلیمنٹ علی وزیر اور محسن داوڑ کو دہشت گردی کے جھوٹے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا اور تین ماہ تک جیل میں رکھا گیا۔ رواں سال جنوری میں تحریک کے رہنما منظور پشتین کو بھی گرفتار کیا گیا تھا اور اب عارف وزیر کے قتل کی تازہ ترین اشتعال انگیزی!

عارف وزیر کا قتل حکمران طبقے کی طرف سے اشتعال انگیزی کا واضح اظہار ہے۔ وہ پشتون نوجوانوں کو مہم جوئی کے لئے اکسانا چاہتے ہیں تاکہ حکمرانوں کو تحریک کو جسمانی اور سیاسی طور پر روکنے کے لئے ایک آسان بہانہ فراہم ہوسکے۔ لیکن تحریک کی قیادت کو جذبات کو ٹھنڈا رکھنا ہوگا۔ انہیں اپنے دوستوں اور دشمنوں میں فرق کرنا ہوگا۔ انہیں یہ معلوم ہونا چاہئے کہ ان کے اصل دوست اس ملک کے مظلوم طبقات ہیں نہ کہ کسی ملک کے حکمران۔ انہیں مظلوم محنت کش عوام کی انقلابی صلاحیتوں پر بھروسہ کرنا ہوگا۔ تمام مظلوم عوام کی اجتماعی تحریک ہی اس خونی قتل عام کو ختم کرسکتی ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts