لاہور (جدوجہد رپورٹ) امریکہ میں صدارتی انتخابات کے لئے پولنگ شروع ہو چکی ہے اور امریکہ کے اگلے صدر کا فیصلہ آج ہو جائے گا گو حتمی نتائج کا اندازہ، پاکستانی وقت کے مطابق، کل کسی وقت ہو سکے گا۔
انتخابات سے قبل ہونے والے رائے عامہ کے آخری آخری جائزوں میں بھی ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن کو ریپبلکن امیدوار اور موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر دس پوائنٹس کی برتری حاصل تھی۔
اس کے باوجود اہم بات یہ ہو گی کہ سوئنگ سٹیٹس میں کس امیدوار کو زیادہ ووٹ ملتے ہیں۔ کچھ سوئنگ سٹیٹس میں بھی جو بائیڈن آگے ہیں مگر زیادہ فرق نہیں۔
ادھر، ان انتخابات میں ایک قابل ذکر پیش رفت یہ ہے کہ قبل از وقت ووٹنگ کرنے والوں کی تعداد نوے ملین سے بھی زیادہ ہے جو گذشتہ سال کے ٹرن آؤٹ کا تقریباً ستر فیصد بن رہا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ ایک ریکارڈ ٹرن آؤٹ ہو گا۔
پوسٹل بیلٹ کا بھی بڑے پیمانے پر استعمال ہوا ہے۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ٹرمپ کے مسلح حامی ٹرمپ کے ہارنے کی صورت میں تشدد کے ذریعے نتائج کو متنازع بھی بنا سکتے ہیں۔
’روزنامہ جدوجہد‘ امریکی انتخابات بارے اپنے قارئین کو اپ ڈیٹ کرتا رہے گا۔