لاہور (جدوجہد رپورٹ) صدر ٹرمپ اور ڈیموکریٹک امیدوار کے مابین پہلے صدارتی مباحثے کے بعد، سی این بی سی چینج کی جانب سے لئے گئے رائے عامہ کے ایک جائزے کے مطابق اؤل الذکر کی مقبولیت 41 فیصد جبکہ 54 فیصد رائے دہندگان جو بائڈن کے ساتھ ہیں۔
یوں جو بائڈن کو صدر ٹرمپ پر 13 پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔
اسی رائے عامہ کے جائزے میں سامنے آیا کہ 53 فیصد رائے دہندگان کے خیال میں جو بائڈن جبکہ 29 فیصد کی نظر میں صدر ٹرمپ پہلے صدارتی مباحثے کے فاتح رہے۔
صرف 2 فیصد افراد نے اس مباحثے کے بعد اپنی رائے تبدیل کی جبکہ باقی کاکہنا تھا کہ ووٹ دینے کے حوالے ے ان کی رائے پر کوئی فرق نہیں پڑا۔
77 فیصد نے کہا کہ منگل کے روز جومباحثہ ہوا اس پر انہیں بطور امریکی فخر نہیں ہے۔
یاد رہے منگل کو ہونے والا پہلا مباحثہ ذاتی لڑائی کی طرح تو تو میں میں کی نظر ہو گیا۔ 15 اور 22 اکتوبر کو ابھی دو مزید مباحثے ہونے ہیں۔ صدارتی کمیشن برائے مباحث نے اب اس طرح کی صورت حال سے بچنے کے لئے نئے قوانین واضح کئے۔ اب ماڈریٹر کے لئے یہ بھی ممکن ہو گا کہ وہ اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والے مقرر کا مائک بند کر دے۔
دریں اثنا، جمعے کے روز یہ خبر بھی آئی کہ صدر ٹرمپ کرونا کا شکار ہو گئے ہیں۔